کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وسابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے ہماری پالیسی اور موقف واضح ہیں ابھی ہم کسی کو سرٹیفکیٹ دینے یا کارکردگی پر تبصر ہ کرنے نہیں بلکہ ملک میں بہتری لانے کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں، بلوچستان ہڑتلستان بن چکا ہے حکمران دن کو سوتے اور رات کو چمکادڑوں کی طرح جاگتے ہیں، بلوچستان کے احساس محرومی میں اضافہ ہورہا ہے صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے سابق ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانیز سردار صلاح الدین محمد حسنی، اللہ گل محمد حسنی کی اپنے ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر اسحاق بلوچ، حاجی عطامحمد بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ملک اور صوبے میں سیاسی ماحول کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے ریاستی مشینری اور کرپٹ ٹولے سیاسی کارکنوں کو توڑکر اپنے عوام کو اپنے طابع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام تاریخ کے بد ترین ظلم سے گزر رہے ہیں بلوچستان کو تجربہ گاہ بنا کر ڈنڈے اور ٹھپے کے زور پر حکمران مسلط کئے گئے ہیں اور اصل سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے جس سے صوبے میں نفرت نے جنم لیا ہے آج تمام طقے لاوراثی کا اظہار کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چہرے بدلنے سے انکے دل نہیں جیتے جا سکتے بلکہ صوبے کو محبت اور شفقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں محرومی کے ساتھ ساتھ احساس کمتری بھی بڑھ رہا ہے صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے آج مائیں بہنیں، استاتذہ سمیت ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے بلوچستان ہڑتلستان بن چکا ہے حکمران دن کو سوتے اور رات کو چمکادڑوں کی طرح جاگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے میر غوث بخش بزنجو، میر حاصل بزنجو، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر اکابرین نے پارلیمنٹ سمیت ہر ہرفورم پو بلوچستان کے عوام کے لئے آواز بلند کی ہے نیشنل پارٹی کا عزم ہے کہ متوسط طبقے اور مظلوم اور محکوم اقوام کے حقوق کی آواز بنے۔انہوں نے کہا نیشنل پارٹی پڑھے لکھے اورمحنت کش طبقوں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ آئیں اور ہمارے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے اس وقت مرکزمیں حکومت حکومتی اتحاد کی ہے ہم نے اپنی پالیسی اور موقف واضح کیا ہے کہ نیشنل پارٹی ملک میں جمہوریت، پارلیمنٹ، بہتری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ہم کسی کو سرٹیفکیٹ نہیں دے رہے نا انکی کارگردگی پر تبصرہ کریں گے۔ انہوں نے سردار صلاح الدین محمد حسنی کی نیشنل پارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے درست فیصلہ کیا اور اپنی بنیادی قومی جماعت میں شامل ہوئے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر اسحاق بلوچ، میر عطاء اللہ بنگلزئی نے کہا کہ نیشنل پارٹی موجودہ دور کی نیپ بنے گی اور ہم تمام طبقات کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنے مسائل کے حل، صوبے کو انتظامیہ اور معاشی بھنور سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس سیلاب سے نمٹنے کے لئے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے حکومت خواب خرگوش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی شمولیتوں سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔ اس موقع پر سردار صلاح الدین محمد حسنی نے اپنے ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں اپنی تمام تر سیاسی جدوجہد نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے کریں گے۔
بلوچستان کو تجربہ گاہ بنا کر ڈنڈے اور ٹھپے کے زور پرحکمران مسلط کئے گئے ہیں، رحمت صالح بلوچ

ٹیگز:
رحمت صالح بلوچ
