کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومتیں تمام ترجیحات بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر مرکوز کریں،صوبے میں منصوبہ بندی کے تحت سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے اقدامات اٹھائے جائیں تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں جاری سیلاب کے باعث نقصانات نے عوام کو بے سر و سامانی کے عالم میں منتقل کردیا ہے یہ وقت تمام تر معاملات کو بالا طاق رکھتے ہوئے یکجہتی کے ساتھ سیلاب متاثرین کے لئے کام کرنے کا ہے سیلاب زدگان کی بحالی کسی ایک ادارے یا انتظامیہ نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مکمل شمولیت کے ذریعے ممکن ہے اس سلسلے میں حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلے کرے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ایسی حکمت عملی تشکیل دے جس سے حق حقدار تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو امداد اور ریلیف انکی دہلیز تک پہنچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے صوبے میں سیلاب کی تباہ کاریاں اس قدر زیادہ ہیں کہ حکومت کو اپنی تمام تر ترجیحات سیلاب زدگان کی بحالی کی طرف مرکوز کرنے ک ضرورت ہے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب کے باعث زیادہ تر نقصانات ناقص میٹریل سے بننے والے ڈیمز ٹوٹنے اور روڈ انفرا سٹکچر تباہ ہوگئے ہیں صوبائی حکومت ان نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ تمام تر ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی کنٹرول کو ملحوظ خاطر رکھے اور صوبے میں دیرپا حکمت عملی کے تحت ترقیاتی کام کرے تاکہ مستقبل میں ایسے نقصانات سے بچا جاسکے
صوبائی اوروفاقی حکومتیں تمام ترجیحات بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی پرمرکوز کریں، شیخ جعفر مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر مندوخیل
