کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سوشل میڈیا پر پاک فوج مخالف منفی اور غلیظ مہم جوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ٹولہ کی جانب سے قومی اداروں خاص کر پاک فوج کے خلاف من گھڑت کہانیاں گھڑنا دشمنوں کی چال ہے جس کا مقصد عوام میں پاک افواج کا امیج خراب کرنا ہے جسے محب وطن پاکستانی عوام یکسرمسترد کر چکی ہے اور اس مہم جوئی کوکسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر ہیلی کاپٹر حادثے کو موضوع بحث بنائے ہوئے ہیں اور من گھڑت کہانیاں بیان کی جارہی ہیں اور جعلی اکاؤنٹس کے ذر یعے پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیزی کو ہوا دی جارہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پاک فوج جیسے محب وطن ادارے اور اس کے سربراہان اور بہادر فوجی افسروں اور جوانوں کا نام استعمال کر کے بدنام کرنے کی کوشش انتہائی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال کی جارہی ہے اوربہتان تراشی کی جارہی ہے وہ دشمنوں کی چال ہے اور وہ چند مفاد پرست عناصر کو استعمال کر کے اس طرح کی مہم جوئی کر رہے ہیں جسے پاکستانی قوم یکسر مسترد کرتی ہے۔پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور دشمنوں کی بیخ کنی کے لئے قوم دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے گی۔۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملکی سرحدوں کی بلا خوف و خطر تحفظ کررہی ہیں۔ مسلح افواج نے دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہوئے بے شمار قر با نیاں دی ہیں۔اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے ریاستی ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش ہرطرح سے ملکی مفاد کیخلاف اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے مختلف فورمز پر سیاسی گفتگو اور مباحثوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی قیادت کو دانستہ طور پر گھسیٹنے کی کوششیں کی جارہی ہے اور مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے بھی براہ راست واضح اور مختلف حوالوں سے باتیں کی جارہی ہیں۔سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر ایک خاص گروہ گھٹیا اور من گھڑت باتیں پھیلا رہا ہے جس سے ملکی مفادات کو شدید نقصانات پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں کہ جو دل چاہے بولا جائے۔، تنقید سب کا حق ہے لیکن مخالفت اور تنقید میں اتنا آگے نہیں نکل جانا چاہئے کہ ریاست اور اداروں کے خلاف ہتک آمیز اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی جائے جس سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہو جائیں جو کہ انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج کسی بھی پاکستان مخالف غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کا حصہ نہ کبھی تھی اور نہ ہی کبھی ہوسکتی ہیں۔پاک فوج کی وطن کے لئے قربانیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔پاک افواج کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ ہے پاکستان کی حفاظت اور سالمیت اور ا س مقصد کے لئے پاک افواج کی وطن کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔پاک افواج کی وطن کی حفاظت اور بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم ہیں جن میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے داد شجاعت دیتے ہوئے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے اور عزم ہمت اور بہادری سے اپنے پاک وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کے لئے اپنی سیاست چمکانے کے لئے فوج کا نام استعمال کرنا یا اس کو سیاست میں گھسیٹنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔ ایسے بے ہودہ اور اشتعال انگیز اقدامات ملکی مفاد میں نہیں اور ایسے بیانات اور گفتگو سے سب کو اجتناب کرنا چاہئے جس سے ملکی وقار اور سالمیت کو خطرہ لاحق ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھنا ہوگا۔انہوں نے میڈیا، وکلاء، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سمیت پاکستان کے تمام محب وطن طبقات سے اپیل کی کہ وہ آئین اور قومی اداروں کیخلاف سازش کی بھرپورمذمت کریں اور ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں اور فوج کے خلاف ان سازشی عناصر کو بے نقاب کریں تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
سوشل میڈیا پرفوج مخالف مہم ملک دشمنی ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز
