کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے پاکستان کے عوام کو سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طر ف سے ایک دوسرے پرکرپشن اور غداری کے الزامات سے کوئی سروکارنہیں ہے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں بصورت دیگروہ دن دور نہیں جب عوام کے ہاتھ اور سیاستدانوں کی گریبان ہونگے۔یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان کی عوا م اسوقت مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہیں سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی بجائے مریم نواز،بلاول بھٹو زرداری، بشریٰ بی بی،فرح گوگی، مولانا فضل الرحمن اوردوسرے قائدین پر کرپشن، بدعنوانی اور غداری کے الزامات لگارہی ہیں جس سے عوام کو کوئی سروکار نہیں ہے عوام صرف اور صرف دو وقت کی روٹی اور بنیادی سہولیات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام خود کشیاں کرنے پر مجبورہوچکے ہیں لیکن حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک دوسرے پرالزامات کی بجائے مل بیٹھ کر عوام کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل بنائیں بصورت دیگر وہ دن دور نہیں کہ جب عوام کے ہاتھ اور سیاستداں کے گریبان ہونگے۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے مسائل کے حل اور اپنے حقوق مانگنے کی بجائے سیاستدانوں سے چھین کرلیں اورسیاستدانوں کے گھروں کے سامنے دھرنے دیں اور یہ دھرنے اسوقت تک جاری رکھیں جب تک انکے مسائل ہل نہیں ہوجاتے اور عوام آئندہ عام انتخابات میں پڑھے لکھے اورایماندار نمائندوں کا انتخاب عمل میں لائیں جو ایوانوں میں جاکر اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کرنے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے پرتوجہ دے سکیں۔
بے روزگاری کے ہاتھوں عوام خود کشیاں کرنے پر مجبورہوچکے ہیں، لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
