کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزراء اورراکان اسمبلی نے کہا ہے کہکراچی واقعہ کے بعد بلوچستان سے نور جہاں نامی خاتون کو آئین اورقانون کے خلاف اٹھایا گیا بلوچستان کے مسئلے کو جلد حل کیا جائیبلوچستان اسمبلی کے اراکین نے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کیلئے کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا،محکمہ حیوانات میں ہونے والی بھرتیوں میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ژوب کے معذورافراد کو بارکھان کے کوٹے پر تعینات کیا گیا ہے اور راتوں رات من پسند افراد کو تعیناتی کے احکامات دیئے گئے۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بدھ کو سوا گھنٹہ کی تاخیر سے قائم مقام سپیکر سردار بابرخا ن موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا۔جلاس میں بی این پی کے ثناء بلوچ نے پوائنٹ آف آرڈر پر بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرحلہ پر امن طور پر منتقل ہونے پرسب مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے ملک اور پر بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں اور حکومتوں کی تبدیلیوں کے باعث بہت سے درپیش مسائل پر بات نہیں ہوسکی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کامسئلہ بدستورگھمبیر ہے کراچی یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد بلوچستان میں ایسے بعض واقعات رونما ہوئے نورجہاں نامی خاتون کو آئین اور قانون کے خلاف اٹھایا گیا تو اس کے مکران پر اثرات واضح طور پر مرتب ہوئے مکران سیاسی و دیگر حوالے سے نمایاں اہمیت کا حامل ہے جب نور جہاں نامی خاتون کو قانونی تقاضے پورے کئے بغیر لاپتہ کیاگیا تو اس پر وہاں عوام نے شدید احتجاج کیا شاہراہ بند کی گئیں مگر افسوس اس دوران صوبائی حکومت کا کوئی کردار نظر نہیں آیا حالانکہ اس واقعے کے بعد وزیراعلی اور متعلقہ وزراء کو وہاں پر پہنچنا چاہیے تھا ہمارے معاشرے میں ایک خاتون کی گرفتاری ایک انتہائی حساس اور سنجیدہ مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ ابھی نور جہاں کا مسئلہ حل نہیں ہوا تھا کہ کراچی سے حبیبہ نامی ایک بلوچ شاعر و ادیب کو بھی بغیر کسی ایف آئی آر اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر اٹھایا گیا جس پر کراچی میں شدید احتجاج ہوا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو جلد حل کیا جائے 26اپریل کو دو مرد، دو خواتین اور بچوں کو بھی اٹھایا گیا اس دوران پیرکوہ میں ایک انسانی المیہ نے جنم لیا ہیضے سے سیکڑوں ہلاکتیں ہوئیں آج بھی اسمبلی کے باہر خواتین اساتذہ اپنی تقرری کیلئے احتجاج کررہی ہیں انہیں فوری طور پر تقرر نامے جاری کئے جائیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ خاران کو قومی اسمبلی کی ایک الگ نشست دی جائے۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے پشتونخوا میپ کے نصراللہ زیرئے نے کہاکہ بی ڈی اے کے ملازمین کا مسئلہ کافی عرصے سے حل نہیں ہورہاکل کابینہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس کے ایجنڈے میں بی ڈی اے کے ملازمین کی مستقلی کا معاملہ بھی شامل کیا گیا ہے امید ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں بی ڈی اے ملازمین کی مستقلی کی منظوری دے دی جائے گی انہوں نے ای ایس ٹی اساتذہ کے بلوچستان اسمبلی کے باہر منعقدہ احتجاج کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ای ایس ٹی اساتذہ کے مطالبات جائز ہیں محکمہ تعلیم میں اب بھی چار ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں 200ای ایس ٹی اساتذہ کو تقرر نامے دے دیئے جائیں۔جے یوآئی کے رکن میر یونس عزیز زہری نے ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی کو وزراء کی عدم دلچسپی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزراء کی عدم دلچسپی سے ہم آگے کی بجائے پیچھے جارہے ہیں دو ماہ پہلے میں نے خضدار میں بند پڑے166سکولوں کا مسئلہ اس ایوان میں اٹھایا تھا اب ان کی تعداد187ہوگئی ہے اس اہم مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی انہوں نے کہا کہ سات ماہ پہلے خضدار میں محکمہ صحت کی اسامیوں پر ٹیسٹ و انٹرویو لئے گئے تمام مراحل مکمل ہونے کے باوجود تعیناتیاں نہیں کی جارہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک میں حال ہی میں ہونے والی تعیناتیوں میں اٹھائیس افراد کو دیگر اضلاع سے خضدار بھجوایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ صحت خضدارکی اسامیوں پر تعیناتیوں کے لئے کسی کو پیسے چاہئیں تو وہ ریٹ فکس کرے میں پیسے دینے کو تیار ہوں۔ بی این پی کے احمد نواز بلوچ نے خواتین کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے انہیں گھسیٹ کر زدوکوب کرکے حوالات میں بند کیا گیا ہے انہوں نے نئی حلقہ بندیوں پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقے بڑھانے کی بجائے پہلے سے موجود حلقے توڑ کر دوسرے حلقوں میں شامل کیا گیا ہے اس کے خلاف ہم قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ بی این پی کی شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ کراچی اور تربت میں خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے اس کا نوٹس لیا جائے پنجگور میں دادجان بلوچ کے قتل کے خلاف دھرنادیاگیا ہے اس کا بھی نوٹس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے نفرتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بی ایم سی کالج کے طلبہ کوہاسٹل میں رہائش سے متعلق درپیش مشکلات کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ طلبہ 2009ء سے ہاسٹل میں کمرے نہ ہونے کی وجہ سے سراپا احتجاج ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نائل نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ گرمی میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کا مسئلہ بدستو رموجود ہے اور اس میں مزید شدت آتی جارہی ہے ہزارہ ٹاؤن میں گیس نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں انہوں نے سپیکر سے استدعا کی کہ وہ ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرے یا اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دی جائے جو گیس حکام سے ملاقات کرکے مسئلے کا حل نکالے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو نئی حلقہ بندیاں کی ہیں اس سے تمام منتخب نمائندے متاثر ہوئے ہیں۔میرے حلقے میں دوسرے حلقے کے پچاس ہزار سے زائد لوگوں کو لاکر شامل کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمان کھیتران نے اراکین کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں قیام امن کو یقینی بنانے پر حکومت اور سیکورٹی ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حالیہ حلقہ بندیوں میں حلقوں کی تقسیم درست نہیں کی گئی ہے قومی اسمبلی میں بارکھان کے ضلع کو لورالائی میں شامل کیا گیا ہے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ بلوچستان کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جاتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے خلاف حکومت عدالت سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک میں حالیہ تعیناتیاں میرٹ پر نہیں ہوئیں اس کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔بی ایم سی کالج میں نیا ہاسٹل بنایا گیا ہے طلبہ کووہاں ایڈجسٹ کیا جائے گا پھر بھی ان کی تعداد بڑھی تو ہاسٹل کے لئے عمارت کرائے پر لے کر انہیں وہاں منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات کے 361ملازمین میں آئندہ چند دنوں میں مستقلی کے آرڈر تقسیم کئے جائیں گے محکمہ تعلیم میں آٹھ ہزار اسامیوں پر تعیناتیوں کا جلد ہی آغاز کیا جائے گا۔محکمہ ٹرانسپورٹ میں بھی جلد خالی اسامیوں پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ یہاں اراکین نے کراچی واقعے کے بعد گرفتاریوں کی بات کی میں ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ کہاں کی سرمچاری ہے کہ بارودی سرنگیں بچھائی جائیں جس کی زد میں پچھلے دنوں بھی میرے حلقے کا ایک بچہ آکر شہید ہوا۔ بارودی سرنگیں بچھانے سے صوبہ آزاد نہیں ہوگا نہ ہی چائنیز اساتذہ پر حملے صوبے کی خدمت ہے اگر یہ لوگ صوبے کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو آگے آئیں سی ایس ایس پی سی ایس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں پچھلے دنوں ہیضہ کی وباء کے دوران افواج پاکستان کے جوانوں نے لاکھوں لیٹر پانی اور امدادی اشیاء پہنچا کر تقسیم کی کیا سوئٹزرلینڈ میں بیٹھے لوگوں نے ایک لٹر پانی ڈیرہ بگٹی میں بھیجا۔انہوں نے کہا کہ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اپنے حلقے میں موجو د تھا اس دوران صوبے میں عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی میں اس کی ناکامی پر جام کمال خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں صوبے کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی باراراکین اسمبلی پر بکتر بندگاڑیاں چڑھا کر ان کے بازو توڑنے والے قدوس بزنجو کی حکومت پر تنقید کررہے ہیں یہ عجیب بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار یار محمد رند کا صاحبزادہ قابل اور صوبے کے حالات کو اچھی طرح سمجھتا ہے سردار صاحب کو اب ریٹائر ہوجانا چاہئے انہوں کہا کہ وہ میں ایوان میں آج ایک جائے نماز لایا ہوں اسے پراپرٹی آف ہاؤس بنا کر جام کمال خان کو دیا جائے تاکہ وہ بیٹھ کر عبادت کریں نوافل پڑھیں جام کمال خان اچھے آدمی ہیں لیکن سیاست بچوں کا کھیل نہیں۔ اے این پی کے رکن نعیم بازئی نے حلقہ بندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے کو سابقہ حیثیت سے بحال کرکے پنجپائی، اغبرگ کچلاک پر مشتمل سابقہ حلقہ بحال کیا جائے۔جلاس میں پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے وزیر خزانہ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل160ء کی شق3(ب)کی شرائط کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے عملدرآمد سے متعلق پہلی ششماہی رپورٹ (جولائی تا دسمبر2020ء) ایوان میں پیش کی۔جس کے بعد اجلاس ہفتہ چار جون تک ملتوی کردیاگیا۔
کراچی واقعہ کے بعد بلوچستان سے نورجہاں نامی خاتون کوآئین اورقانون کے خلاف اٹھایا گیا ، وزراء وارکان کااظہارخیال

