کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمنگلی علاقائی یونٹ کے زیراہتمام طالبعلم حمزہ بڑیچ کی شہادت کے المناک واقعے کے خلاف سمنگلی چوک سے طلباء و طالبات کی ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں طلباء و طالبات اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سمنگلی ایئربیس کے سامنے پہنچ کر بڑے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔احتجاجی مظاہرے کی صدارت علاقائی سینئر معاون ملک آصف کاسی نے کی، جبکہ مظاہرے سے علاقائی سینئر معاون ملک آصف کاسی، علاقائی معاونین اجمل خان کاکڑ، خوشحال کاسی، قہار خان اور پی ایس او کے زکریا نے خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلم حمزہ بڑیچ کا بہیمانہ قتل انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ ایک طالبعلم کو دن دہاڑے بے دردی سے شہید کیا گیا، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ واقعے کے باوجود قاتل کو اب تک پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا، جو قانون اور انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ قاتل کو قانون کے حوالے کرنے میں کسی قسم کی تاخیر یا مصلحت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر قاتل کو پولیس کے حوالے کریں اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے قاتل اور واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔مقررین نے کہا کہ اگر قاتل کو فوری طور پر پولیس کے حوالے کرکے قانون کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی اور طلباء، نوجوانوں اور عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ احتجاج کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں قانون سے بالاتر کوئی شخص نہیں ہوسکتا۔ اگر ایک طالبعلم کے قاتل کو بھی قانون کے حوالے نہیں کیا جاتا تو اس سے عوام کے اندر قانون اور ریاستی اداروں کے حوالے سے مزید بے اعتمادی پیدا ہوگی۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرے اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ حمزہ بڑیچ کے قتل میں ملوث قاتل کو فوری طور پر پولیس کے حوالے، اور قانون کے مطابق سزا دی جائے، جبکہ واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ حمزہ بڑیچ کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور انصاف کے حصول تک آئینی، جمہوری اور پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
حمزہ بڑیچ کے قتل میں ملوث قاتل کو فوری طور پر پولیس کے حوالے، اور قانون کے مطابق سزا دی جائے، پشتونخوا نیشنل عوامی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل عوامی
