کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ سینئر صحافی رضا الرحمن و دیگر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوہ پیمائی کو بطور کھیل متعارف کروانے کیلئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بوائز اسکا?ٹس کوئٹہ میں آل پاکستان کوہ پیماء کلب کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے زین العابدین خلجی، خدائے دوست کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر فاروق عبداللہ،عزیز بازئی، شمس بازئی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ سے زیارت کا فاصلہ تین دنوں میں پیدل طے کر کے قومی دن کے موقع پر پہاڑ پر سبز ہلالی پرچم لہرانے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے کھیلوں کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے کھیل اور فن معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور سماج کی ترقی ہی کھیل اور فن میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوہ پیماء کلب کے نوجوانوں نے ہمیشہ مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ہمیں ہر سطح پر ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے انہوں نے کہاکہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہونگے وہاں ہسپتال ویران ہونگے۔ تقریب کے اختتام پر آل پاکستان کوہ پیماء کلب کے ممبران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے جبکہ مہمانوں کو شیلڈ دی گئیں۔
منشیات ود یگرسماج دشمن سرگرمیوں پرقابو پانے کیلئے کھیلوں کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے، شہک بلوچ

ٹیگز:
شہک بلوچ
