اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا مالی استحکام برقرار رکھنے کیلے تعاون کرینگے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ کے مابین پیر کو ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت روایتی گرمجوشی اور دوستی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین تعلقات کی پہچان ہے۔
وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام سے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں تین چینی سکالرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ وزیراعظم نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو پکڑنے اور انہیں ملکی قوانین کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مکمل تحقیقات کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے چینی ہم منصب کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اپنے آزمودہ اور ہر طرح کے حالات میں جاری رہنے والے تزویراتی تعاون اور اشتراک کار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مالی استحکام کیلیے پاکستان سے تعاون کرینگے، چینی وزیراعظم

ٹیگز:
چینی وزیراعظم
