وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا نالائق وزیراعظم پہلے کبھی نہیں آیا، انہوں نے اپنی نالائقیوں سے معیشت، بیروزگاری اور مہنگائی کو یہاں تک پہنچایا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں چینی، کھاد اور ادویات کا اسکینڈل آیا، وہ ملک کے تعلقات دیگر ملکوں سے خراب کررہے ہیں، یہ اپنی نااہلی بچانے کے لئے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاناچاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر نے آئین کو پامال کیا ہے، نہیں معلوم کہ حکومت کیا کرتی ہے مگر کارروائی ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی میں ان کو عدم اعتماد کا پتا تھا، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میں اختلاف ہی عدم اعتماد اور استعفوں پر ہوا، عدم اعتماد جب جمع ہوا تو سابق وزیر اعظم نے شکر ادا کیا، انہوں نے کہا تھا کہ میرے پاس ٹرمپ کارڈ اور سرپرائز ہے، ان کو ہٹانے کے لیے آئین کو مکمل فالو کیا گیا۔سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی کراچی آمد پر استقبال کا پلان بنایا تھا، کچھ وجوہات کی بنا پر اس پروگرام میں کئی بار تبدیلی کی گئی، 15مئی کو ایک بڑا اجتماع کریں گے جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مسجد نبویۖ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
عمران خان جیسا نالائق وزیراعظم پہلے کبھی نہیں آیا، سعید غنی

ٹیگز:
عمران خان
