اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تحریک عدم اعتماد میں متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آج تاریخی موقع پر یہاں جمع ہیں، یہ امتحان کا مرحلہ ہے جس سے گزرنا ہے۔متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کی مشترکہ پریس کانفرنس میں شہبازشريف،فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی شریک ہیں۔قبل ازیں ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ متحدہ کی جانب سے باضابطہ اعلان آج پيپلز پارٹی کی سينٹرل ايگزيکٹو کميٹی اور ايم کيو ايم رابطہ کميٹی کی منظوری کے بعد شام 4 بجے کيا جائے گا۔
گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان رات گئے اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک نیا راؤنڈ ہوا۔ فضل الرحمان ، سابق صدر زرداری، بلاول اور شہباز شریف مذاکرات میں شریک ہوئے۔ايم کيو ايم کی نمائندگی خالد مقبول ،عامر خان، وسيم اختر نے کی۔ سما کو حاصل تفصیلات کے مطابق پيپلز پارٹی نے ايم کيو ايم کے تمام مطالبات مان ليے ہیں۔ دونوں پارٹيوں کے درميان تحريری معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایم کیو ایم اور اپوزیشن میں معاملات طے پانے کے بعد حکومت کے اسمبلی میں 164 جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبر 177 تک پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کے اپوزیشن سے اتحاد کے بعد منحرف حکومتی ارکان کے بغیر ہی متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں اکثریت مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ دیر پہلے ایم کیو ایم رہنماؤں سے حکومتی ارکان نے بھی ملاقات کی تھی۔

