کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معلومات تک رسائی کے قانون سے شفافیت اور گڈ گورننس کے قیام میں مدد ملے گی اور ہر شہری کو مفاد عامہ سے متعلق اقدامات اور سرکاری امور سے واقفیت حاصل ہوگی، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ مواقعوں کی فراہمی کے لئے موثر و جامع قانون سازی کے لیے کوشاں ہیں پارلیمانی افئیرز کو فعال بناکر بلوچستان قانون ساز اسمبلی میں پیش ہونے والے مسودہ جات پر قانونی جانچ و کارروائی کا عمل تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جمعرات کو غیر سرکاری تنظیم شرکت گاہ کی پروگرام افسر سیما بتول، انور بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سے ڈپٹی سیکرٹری لاء شجاع حسین کھوسہ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر اسفند یار شیرانی نے بھی ملاقات کی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں قدیمی قوانین میں ضروری ترامیم اور نئے چیلنجز و ضروریات کے مطابق قانون سازی کے لئے رائے عامہ کو ہموار اور اقدامات کو موثر بنایا جارہا ہے اس ضمن میں محکمہ قانون و پارلیمانی امور میں صلاحیتی استعداد کار میں اضافے اور قانونی رائے دہی کے عمل میں تیزی کے لئے باہمی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے اور محکمہ جاتی کارکردگی کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لینے کے لئے تواتر کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین سے متعلق بلز پر تمام اراکین اسمبلی کا یکجا موقف قوانین کی منظوری اور عمل درآمد کے حوالے سے فوری نتائج کا حامل ثابت ہو سکتا ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ زیر التواء تمام بلز پر اتفاق رائے قائم کیا جائے اور انہیں منظور کرکے ان کے نفاذ کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جائے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ مفاد عامہ کا ایک ایسا قانون ہے جس سے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے گا اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے یہ ایک غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی کے عمل کو تیز کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے توسط سے تمام اراکین قانون ساز اسمبلی کے مابین رابطوں کا عمل جاری ہے
بلوچستان میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی کے عمل کو تیز کیا جارہا ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی

ٹیگز:
ڈاکٹر ربابہ بلیدی
