کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری،سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑا کیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران نیازی سے عوام کو چھٹکارا دلانے کیلئے فیصلہ کن تحریک کا اعلان کردیا ہے اورپیپلز پارٹی جلد ہی عوام کو موجودہ نا اہل اور نالائق حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سونامی ملک میں تباہی لیکرآیا ہے حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کوسبز باغ دکھائے اقتدار میں آنے کے بعد آٹا،چینی،ادویات،پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا جس کی وجہ سے غریب عوام روٹی اور علاج کیلئے ترس ہیں عمران نیازی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے حکومت کی صفوں میں بیٹھے کرپٹ عناصرکو تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور ملک شدید بحرانوں سے دوچارہے پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو موجودہ نا اہل حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے فیصلہ کن تحریک کا اعلان کردیاہے اورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب عوام نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔
سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑا کیا ہے،غزالہ گولہ

ٹیگز:
غزالہ گولہ
