کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، بلوچستان کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی، خصوصی افراد اور بلوچستان کے نوجوانوں کو حکومت کی قرض سکیموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانا ضروری ہے، خصوصی افراد کو باہنر بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہوگی، خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہیں ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سے پورے ملک میں خوشحالی آئے گی، ترقیاتی پیکج سے صوبے کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی،بلوچستان کی ترقی کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان حکومت کی جانب سے کاروباری قرض کی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ خصوصی افراد اور بلوچستان کے نوجوانوں کو حکومت کی قرض سکیموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔
بلوچستان کے نوجوانوں کوحکومت کی قرض سکیموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

ٹیگز:
ڈاکٹر عارف علوی
