تربت (ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور سماجی خدمت کے عزم کے تحت، یونیورسٹی آف تربت کے مین کیمپس میں ایک روزہ سی بی سی ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس فلاحی پروگرام کا اہتمام شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز نے ایڈوانسڈ لیبارٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، کراچی کے تعاون سے کیا تھا۔ کیمپ کے دوران سینکڑوں طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کو انتہائی رعایتی نرخوں پر بنیادی تشخیصی بلڈ ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گء۔ کیمپ کے دوران طبی ٹیموں نے بین الاقوامی بائیو سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عمل پیرا ہوکر جراثیم سے پاک ایک ہی بار استعمال ہونے والے طبی آلات کا استعمال کیا اور میڈیکل ویسٹ کو سائنسی طریقہ کار کے تحت تلف کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ہیلتھ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز، ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اور ایڈوانسڈ لیبارٹریز کی مشترکہ کاوششوں کو سراہتے ہوئے رضاکار ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلبہ اور ملازمین کی صحت اور جسمانی و ذہنی تندرستی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
جامعہ تربت میں طلبہ اور عملے کیلئے رعایتی سی بی سی ہیلتھ کیمپ کا انعقاد

ٹیگز:
جامعہ تربت
