کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سینئر نائب صدر اللہ نور خان اور صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں اور غیر ذمہ دارانہ فیصلوں نے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہر شعبہ زندگی کو براہِ راست متاثر کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور آئے روز پٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام پر “پٹرول بم” گرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر سطح پر عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے پارٹی کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع کی جانے والی احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے تمام کارکنوں، عہدیداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور انداز میں جلسوں، جلوسوں اور مظاہروں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی تحریک صرف پارٹی کا نہیں بلکہ ہر مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز ہے، جسے مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پارٹی کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو اس مہنگائی کے منفی اثرات سے آگاہ کریں اور منظم انداز میں احتجاجی سرگرمیوں کو آگے بڑھائیں تاکہ حکومت کو عوامی طاقت کے ذریعے اپنے فیصلوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جا سکے۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر حال میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ظالمانہ مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
