لاہور(ڈیلی گرین گوادر)،قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ قرآن مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ مکمل ضابطۂ حیات اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ قرآن سے مضبوط تعلق ہی فرد، خاندان اور معاشرے کی حقیقی اصلاح اور ایک بامقصد اسلامی معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ خواتین قرآن کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کے ساتھ اسے گھر گھر پہنچانے کی ذمہ داری بھی ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ سوسائٹی لاہور میں فہم القرآن کی تکمیلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ فہم القرآن کا یہ سفر محض ایک کورس کی تکمیل نہیں بلکہ قرآن کو سمجھنے، اس کے پیغام کو اپنانے اور اپنی زندگیوں کو اس کی روشنی میں ڈھالنے کے ایک نئے عزم کا آغاز ہے۔ قرآن سے جڑنے والی خواتین اپنے گھروں میں خیر و اصلاح کی بنیاد رکھ سکتی ہیں اور اپنی نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کو درپیش فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرکے ہی کیا جا سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قرآن کو صرف پڑھنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس کے احکامات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں۔ثمینہ سعید نے فہم القرآن کی تکمیل کرنے والی خواتین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ قرآن کے پیغام کو عام کرنے، اپنے خاندانوں کی اصلاح اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے جاری دستخطی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ایک منصفانہ نظام کے قیام کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے فہم القرآن کی تکمیل کرنے والی خواتین پر زور دیا کہ وہ دستخطی مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنے خاندانوں، عزیز و اقارب اور دیگر خواتین کو بھی اس کا حصہ بنائیں اور عوامی حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

