کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ایگزیکٹو کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے سینئر سیکرٹری سید قادر آغا ایڈوکیٹ نے خصوصی شرکت کی ،اجلاس کا ایجنڈا 23 ستمبر کو پشتون ثقافت کے عالمی دن کے سادہ اور باوقارتقریبات منانے کی تیاریوں پر مشتمل تھا۔ اجلاس میں ثقافتی دن کے پروگراموں کو منظم کرنے اور ان کی تیاریوں کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جبکہ تقریبات کے انتظامات اور پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے پشتون ثقافت کا عالمی دن 23 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب میں منایا جائے گا۔ثقافتی دن کی تقریبات دوپہر 12 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی، جن کا تفصیلی شیڈول درج ذیل ہے:دوپہر 12 بجے: پشتون ثقافت کی تصویری نمائش، تقریبات کا آغاز پشتون ثقافت کی عکاسی کرنے والی تصاویر کی نمائش سے ہوگا، جس میں پشتون قوم کے تاریخی، ثقافتی اور روایتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا، سہ پہر 3 بجے: پشتون ثقافت کے موضوع پر سیمینار، پشتون ثقافت کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس میں دانشوروں کی جانب سے تحقیقی و علمی مقالے پیش کیے جائیں گے، جبکہ پارٹی رہنما بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، شام 5 بجے: مشاعرہ، ثقافتی تقریبات کے سلسلے میں مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں مختلف شعراء اپنا کلام پیش کریں گے، شام 6 بجے: ملی شہید ایوارڈ کی رونمائی، پروگرام کے دوران ملی شہید ایوارڈ کی رونمائی بھی کی جائے گی۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی تمام ثقافت دوست افراد، ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، عوام اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ثقافتی پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے قومی ثقافتی ورثے کی ترویج، تحفظ اور اسے منانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔
پشتون ثقافت کا عالمی دن 23 ستمبر کو تقریبات دوپہر 12 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی، نصراللہ خان زیرے

ٹیگز:
نصراللہ خان زیرے
