کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پالیمانی سیکریٹری برائے بہبودِ آبادی پرنس آغا عمر جان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی پرنس آغا عمر جان اور سیکرٹری بہبود آبادی نے تاحال محکمے میں کسی بھی قسم کی کوئی تقرری عمل نہیں لائی ہے پارلیمانی سیکرٹری اور سکرٹری بہبود آبادی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر من گھڑت اور جھوٹی افواہیں پھیلانے سے باز آجائیں بصورت دیگر انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر، صوبائی وزیر، سیکرٹری اور محکمہ کے بعض افسران و ملازمین کے بارے میں نہایت سنگین، من گھڑت، بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات عائد کیے گئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے ان الزامات کی ہم سختی سے تردید کی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ واضح کیا جاتا ہے کہ کسی سرکاری پوسٹ کو فروخت کرنے، ملازمت کے عوض رقم وصول کرنے، کسی افسر یا ملازم کو غیر قانونی طور پر برطرف کرنے، یا کسی مخصوص شخص یا خاندان کے مالی مفادات کے لیے محکمانہ اختیارات استعمال کرنے کے الزامات کا کوئی قانونی یا دستاویزی جواز موجود نہیں ہے ایسی باتیں نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ سرکاری اداروں اور متعلقہ شخصیات کی ساکھ کو دانستہ طور پر نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ رپورٹ کردہ 65 آسامیوں پر تعینات افراد محکمہ میں سال 2005 سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ایک طویل عرصے سے ان کے کنٹریکٹ کی باقاعدہ تجدید نہیں ہوئی تھی اس معاملے کو قانونی اور انتظامی تقاضوں کے مطابق حل کرنے کے لیے محکمہ نے ان کے کنٹریکٹ کی تجدید کے کیسز باقاعدہ طور پر مرتب کرکے مجاز فورم کی منظوری کے لیے پیش کیے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد مذکورہ کیسز مزید ضروری کارروائی اور مقررہ ضابطے کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر کو بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ باقی ماندہ قانونی و انتظامی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ یہ بھی واضح کیا جاتا ہے کہ پارلیمانی سیکریٹری برائے بہبودِ آبادی پرنس آغا عمر جان اورسیکریٹری بہبودِ آبادی کی جانب سے محکمہ کا چارج سنبھالنے کے بعد تاحال کسی بھی قسم کی کوئی تقرری، خواہ وہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہو یا مستقل بنیادوں پر عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تقرری، تعیناتی، سروس کے تسلسل، تنخواہوں اور دیگر محکمانہ امور متعلقہ قوانین، سروس رولز، مالیاتی ضوابط اور مجاز اتھارٹی کے احکامات کے تحت انجام دیے جاتے ہیں کسی بھی انتظامی فیصلے کو محض ذاتی رائے یا سیاسی مفروضے کی بنیاد پر کرپشن، اقربا پروری یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے جوڑنا قابلِ قبول نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ تحریر میں مخصوص شخصیات کو براہِ راست بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال، سرکاری پوسٹوں کی مبینہ خرید و فروخت اور غریب ملازمین کے معاشی استحصال سے منسلک کیا گیا ہے جنہیں ہم سختی سے مسترد کرتے ہیں اگر کسی فرد کے پاس ان الزامات کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق ثبوت موجود ہے تو اسے متعلقہ قانونی و انتظامی فورم پر پیش کیا جائے بصورت دیگر محض سوشل میڈیا یا عوامی پلیٹ فارم پر غیر مصدقہ الزامات لگانے کا سلسلہ ناقابلِ قبول ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری اور سیکورٹی بہبود آبادی کے خلاف بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت،سائبر قوانین کے تحت کارروائی کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری پرنس آغا عمر جان اور سیکرٹری بہبود آبادی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر من گھڑت اور جھوٹی افواہیں پھیلانے سے باز آجائیں،ترجمان

ٹیگز:
پرنس آغا عمر جان
