لاہور (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار، عفت سجاد، عائشہ سید، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید صدروسطی پنجاب نازیہ توحید ،صدرلاہورعظمی عمران نے محترمہ امتُ الرقیب (امُّ الجامعات) کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، تعلیمی اور تربیتی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ محترمہ امت الرقیب کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جامعاتُ المحصنات کا پورا نظام، اس کی تاسیس، توسیع اور ملک بھر میں اس کے جال کا پھیلاؤ امتُ الرقیب مرحومہ کی غیر معمولی بصیرت، اخلاص اور محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی تعلیم و تربیت، خواتین کی کردار سازی اور ایک منظم تعلیمی تحریک کے قیام کے لیے وقف کر دی۔”محترمہ امتُ الرقیب نہ صرف جامعاتُ المحصنات کی بانی اور ڈائریکٹر تھیں بلکہ پورے پاکستان میں دینی جامعات کے قیام، نگرانی، تربیت اور تنظیمی استحکام میں ان کا کردار بنیاد ساز حیثیت رکھتا ہے۔ ان کی شخصیت ایک ایسے عہد کی علامت تھی جس میں علم، اخلاص، خدمت اور تربیت ایک مشن بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کو صرف عمارتوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ انہیں تربیت گاہوں میں تبدیل کیا، جہاں سے ہزاروں طالبات دین، کردار اور دعوت کے جذبے کے ساتھ تیار ہو کر نکلیں۔ان کی زندگی کا خلاصہ یہی تھا کہ وہ صرف منتظم نہیں بلکہ ایک مربیہ، ایک ماں اور ایک رہنما تھیں۔ وہ ہر جامعہ کو اپنی امانت سمجھ کر اس کی تعمیر، صفائی، نظام اور طلبہ کی تربیت تک ہر پہلو پر ذاتی توجہ دیتی تھیں۔ ان کا طرزِ عمل اس حقیقت کا مظہر تھا کہ دینی ادارے صرف اینٹ اور پتھر سے نہیں بلکہ اخلاص، محبت اور قربانی سے تعمیر ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امتُ الرقیب کی شخصیت ایک ایسے درخت کی مانند تھی جس کے سائے میں ہزاروں طالبات نے علم و تربیت حاصل کی۔ وہ نہ صرف جامعات کی بنیاد گزار تھیں بلکہ ایک پورے تعلیمی و تربیتی نظام کی روح تھیں جس نے ملک بھر میں خواتین کی دینی تعلیم کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ان کے ساتھیوں اور شاگردوں کے مطابق وہ سراپا محبت، شفقت اور عزم تھیں۔ ان کی پوری زندگی سفر، مشن اور خدمت سے عبارت تھی۔ وہ دور دراز علاقوں، پہاڑی خطوں اور دیہی بستیوں تک جا کر جامعات کے قیام اور استحکام اور نسلوں کی بہترین تربیت کے لیے کوشاں رہیں۔ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار، عفت سجاد، عائشہ سید، ڈاکٹر زبیدہ جبیں اور ثمینہ سعید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ امتُ الرقیب کی وفات ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک پورے عہد کا اختتام ہے۔ وہ صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک تحریک تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کی سربلندی، خواتین کی تعلیم اور تربیت کے لیے وقف کر دی۔انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات کا تسلسل آج پورے پاکستان میں موجود جامعاتُ المحصنات اور ان سے منسلک ذیلی تعلیمی اداروں کی صورت میں زندہ ہے، جو ان کے مشن کی عملی تعبیر ہیں۔پریس ریلیز کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کے مشن کو ان کی شاگردوں اور وابستگان کے ذریعے تا قیامت جاری رکھے۔ مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل حمنہ سعدیہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی محترمہ امت الرقیب کی وفات پر دلی تعزیت کی ہے
جامعاتُ المحصنات کی تعمیر و قیادت: امتُ الرقیب کی مکمل زندگی دینی و تعلیمی خدمات سے عبارت تھی .ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
