کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں فارم 47کی حکومت اور پولیس کی جانب سے صوبے کے گرینڈ الائنس کے پُرامن جلوس، احتجاجی کیمپ اور ملازمین کے خلاف تشدد اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر بلوچستان گرینڈ الائنس کے احتجاجی کیمپ پر پولیس کے چھاپے، احتجاجی کیمپ اور پر امن جمہوری احتجاج کے لیے نہ چھوڑنا اور گرینڈ الائنس کے رہنمائوں کی گرفتاری قابلِ افسوس اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے۔بلوچستان بجٹ 2026-27 کے تناظر میں اپنے جائز حقوق اور مطالبات کے لیے آواز بلند کرنے پر سرکاری ملازمین کی گرفتاریاں ، آنسو گیس شیلنگ ، لاٹھی چارج ، مرد وخواتین کے تضحیک کا عمل دوہرا کر ہمارے اعلیٰ روایات کوپائمال کیا گیا ہے ۔ جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے اور پُرامن احتجاج شہریوں کا بنیادی حق ہے جس کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن سرکاری ملازمین کو ان کے آئینی، قانونی اور جائز مطالبات سے محروم کرنے کے بجائے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔ ملازمین کے حقوق کا تحفظ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کے خلاف طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔مسلط نام نہاد فارم 47کی حکومت ملازم دشمنی پر مبنی ناروا اقدامات کو ترک کرکے آئین پاکستان میں دیے گئے بنیادی حقوق اظہارِ رائے، پُرامن اجتماع اور تنظیم سازی کے حقوق شامل ہیں کا مکمل احترام کرے ۔ بیان کے آخر میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار رہنمائوں اور ملازمین کو فوری رہا کیا جائے، احتجاجی سرگرمیوں پر عائد تمام غیر ضروری پابندیاں ختم کی جائیں اور ملازمین کے جائز مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
گرینڈ الائنس کے رہنمائوں کی گرفتاری قابلِ افسوس اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے ` پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
