کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں سندھ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک پشتون ماں اور اس کی معصوم 11 سالہ بیٹی کے اغوا، بے حرمتی اور غیر انسانی سلوک کے دل دہلا دینے والے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت، اخلاقیات، قانون اور ریاستی رٹ کی کھلی ناکامی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ صرف ایک خاندان کا ذاتی المیہ نہیں بلکہ پورے معاشرے، انسانی ضمیر اور ریاستی نظام کے لیے ایک انتہائی شرمناک اور تشویشناک سانحہ ہے۔ اس دلخراش واقعے نے نہ صرف پشتون قوم بلکہ پورے ملک کے باشعور عوام کو شدید صدمے، غم و غصے اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر نے پہلے مغوی خاتون سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بعدازاں منت سماجت اور بے بسی کے عالم میں 15 لاکھ روپے پر معاملہ طے کیا گیا۔ مجبور، لاچار اور بے سہارا ماں اپنی معصوم بیٹی کی جان بچانے کی خاطر رقم لے کر کچے کے علاقے میں پہنچی، مگر وہاں اس کے ساتھ جو انسانیت سوز ظلم روا رکھا گیا، اس نے ہر حساس انسان کے دل کو چیر کر رکھ دیا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈاکوؤں نے نہ صرف خاتون کی عزت پامال کی بلکہ اس سے رقم وصول کرنے کے بعد اس کی کمسن اور معصوم بیٹی کو ماں کے سامنے ہی چند لاکھ روپے کے عوض دوسرے افراد کے ہاتھ فروخت کر دیا۔ ایک ماں کے سامنے اس کی بیٹی کی اس طرح بے حرمتی، تذلیل اور فروخت ایسا اندوہناک اور انسانیت سوز عمل ہے جس کی مثال مہذب معاشروں میں نہیں ملتی۔ یہ واقعہ انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سندھ کے کچے کے علاقے عرصۂ دراز سے جرائم پیشہ عناصر، اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہوں، مسلح ڈاکوؤں اور سماج دشمن قوتوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں، جہاں عام شہری خصوصاً پشتون مسافر، مزدور، ڈرائیور، تاجر اور غریب خاندان مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ آئے روز اغوا، قتل، لوٹ مار اور بے حرمتی جیسے سنگین جرائم کے باوجود ریاستی اداروں کی خاموشی اور ناکامی لمحۂ فکریہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر کب تک سندھ کے کچے کے علاقے قانون سے بالاتر رہیں گے؟ کب تک ڈاکو ریاست کے اندر اپنی الگ حکومت قائم رکھیں گے؟ اور کیوں بے گناہ شہری خصوصاً پشتون عوام مسلسل ان جرائم کا نشانہ بنتے رہیں گے؟ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ سیکیورٹی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مغوی ماں اور اس کی معصوم بیٹی کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے، اس بہیمانہ جرم میں ملوث تمام عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے، اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں مستقل اور مؤثر آپریشن کے ذریعے جرائم پیشہ گروہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو اس مسلسل عذاب، خوف اور غیر یقینی صورتحال سے نجات مل سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان، مال، عزت اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔ اگر ایک مظلوم ماں اور اس کی معصوم بیٹی بھی محفوظ نہیں تو یہ پورے نظامِ حکمرانی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریاستی ڈھانچے کیلئے ایک سنگین لمحۂ فکریہ ہے۔ ایسے افسوسناک واقعات عوام کے ریاستی اداروں پر اعتماد کو بری طرح مجروح کرتے ہیں اور معاشرے میں بے چینی، خوف اور عدم تحفظ کو جنم دیتے ہیں۔ پریس ریلیز میں تمام سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، وکلاء برادری، سول سوسائٹی، صحافیوں، دانشوروں، خواتین تنظیموں اور انصاف پسند حلقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس انسانیت سوز واقعے پر خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ مظلوم ماں اور بچی کی آواز بن کر ظلم، بربریت اور ناانصافی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ اجتماعی ضمیر بیدار ہو اور ریاست فوری اور مؤثر کارروائی پر مجبور ہو۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ اگر ایسے سفاکانہ اور غیر انسانی واقعات پر بھی انصاف فراہم نہ کیا گیا تو عوام کا ریاستی اداروں، قانون اور نظامِ انصاف پر اعتماد مزید کمزور ہوگا، جو کسی بھی مہذب معاشرے اور ریاست کیلئے نہایت خطرناک صورتحال ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں پشتون ماں اور اس کی معصوم 11 سالہ بیٹی کے اغوا، بے حرمتی اور غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہیں ٗ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
