کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں گیس ناپید ہوچکا ہے،صارفین کو گیس پریشر کی شدید کمی ولوڈشیڈنگ کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام مسئلے کے حل کی بجائے صرف طفل تسلیوں سے کام چلارہے ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقوں کچلاغ، بلیلی، نوحصار، سمنگلی، ہزارہ ٹاون، پشتون باغ، بروری روڈ، دیبہ، ہدہ، ترخہ، سبزل روڈ، سرپل، خروٹ آباد، سمنگلی روڈ، کلی برات، کلی عالمو، کوٹوال، نواں کلی، چشمہ اچوزئی، کلی الماس، نواں کلی، لیبر کالونی، ترین شار، سرہ غوڑگئی، زرغون آباد، کلی ناصران، مری آباد، علمدار روڈ، میکانگی روڈ، کاسی روڈ، شالدرہ، پشتون درہ، لاندی پشتون آباد، پشتون درہ، اڈہ پشتون آباد، وزیر کاسی کاریز، سرکی کلاں خالق آباد،شیخان،ارباب کرم خان روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، محمود مینہ، تختائی بائی پاس، افغان مینہ، لوڑ کاریز غوث آباد، سریاب، ہزار گنجی ودیگر علاقوں میں گیس پریشرمکمل نہ ہونے کے برابر ہے اور ساتھ ہی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے جو خدانخواستہ کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ جبکہ ہنہ اوڑک میں سیلابی ریلوں کے باعث گیس پائپ لائن جو کہ مکمل طور پر تباہ ہوچکی تھی اور نئے سرے سے پائپ لائن بچھایا گیا لیکن گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے اور کوئٹہ کے دیگر علاقوں کی بانسبت ہنہ اوڑک انتائی سرد علاقہ ہے اور وہاں کے عوام سیلاب متاثرین ہونے کے باعث پہلے سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تمام علاقوں میں گیس پریشرکی کمی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے دیگر صورتحال میں پارٹی ضلع کوئٹہ علاقائی یونٹس کے زیر اہتمام سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے اس عوام دشمن اقدام کے خلاف سخت احتجاج کیا جائیگا۔
کوئٹہ میں گیس پریشرکی شدید کمی ولوڈشیڈنگ کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
