کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں گزشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے لکپاس میں کسٹم حکام کے زیرِ نگرانی قائم گودام میں لگنے والی ہولناک آگ، اربوں روپے مالیت کے قیمتی سامان کے جل کر خاکستر ہونے، درجنوں افراد کے زخمی ہونے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک سانحے کو بدترین انتظامی نااہلی، مجرمانہ غفلت اور ادارہ جاتی کرپشن کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے نے نہ صرف عوام کو شدید صدمے اور خوف میں مبتلا کیا ہے بلکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی، ذمہ داری اور شفافیت پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پارٹی کے مطابق یہ واقعہ بظاہر کسی معمولی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک ایسے غیر ذمہ دارانہ نظام کی عکاسی کرتا ہے جہاں عوامی جان و مال کے تحفظ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کسٹم حکام کی جانب سے حساس، آتش گیر اور قیمتی سامان کو غیر محفوظ انداز میں ذخیرہ کرنا، گودام میں حفاظتی اصولوں اور فائر سیفٹی کے بنیادی تقاضوں کو نظر انداز کرنا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر نظام کا فقدان اور بروقت ریسکیو اقدامات نہ ہونا اس سانحے کی سنگینی میں اضافے کا سبب بنا۔ اگر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرتے تو اتنے بڑے پیمانے پر مالی اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ بیان میں اس امر پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی کہ ماضی میں بھی کسٹم کے بعض اعلیٰ حکام کرپشن، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، جن کے خلاف مختلف نوعیت کی تحقیقات اور کارروائیاں سامنے آ چکی ہیں۔ انہی عوامل کی بنیاد پر عوام میں یہ شکوک و شبہات شدت اختیار کر رہے ہیں کہ اس سانحے کے پس پردہ بھی بعض بااثر عناصر، مفاد پرست گروہوں یا متعلقہ اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت اور ممکنہ ملی بھگت شامل ہو سکتی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے کئی روز گزرنے کے باوجود زخمیوں اور جاں بحق افراد کی اصل تعداد، نقصانات کی مکمل تفصیلات اور واقعے کی حقیقی نوعیت کے حوالے سے تاحال شفاف معلومات عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں، جس سے عوامی بے چینی اور بداعتمادی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اتنے بڑے سانحے کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی، غیر سنجیدگی اور حقائق کو چھپانے کی کوششیں انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا کہ لکپاس سانحے کی فوری طور پر اعلیٰ سطحی، آزاد، شفاف اور غیر جانبدار عدالتی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جا سکیں اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر، خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات محض رسمی کارروائی نہ ہوں بلکہ ذمہ داروں کا حقیقی احتساب یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے سانحات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ بیان میں حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا گیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل مالی معاوضہ دیا جائے، جبکہ متاثرہ تاجروں اور شہریوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ پارٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام حساس گوداموں، ذخیرہ مراکز اور سرکاری تنصیبات میں حفاظتی انتظامات کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کو آئندہ کسی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ اگر اس سانحے کی شفاف تحقیقات نہ کی گئیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو عوام میں پائی جانے والی بے چینی، غم و غصہ اور ریاستی اداروں پر عدم اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور وفاقی اداروں پر عائد ہوگی۔ دریں اثناء پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی، ڈاکٹروں اور طبی عملے سے علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف، مالی معاونت اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ بیان کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے جان و مال کے تحفظ، شفاف احتساب، انصاف کی فراہمی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی نااہلی، بدعنوانی اور عوام دشمن طرزِ عمل کے خلاف اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔
لکپاس کسٹم حکام کے زیرِ نگرانی قائم گودام میں لگنے والی ہولناک آگ بدترین انتظامی نااہلی، مجرمانہ غفلت نتیجہ ہے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
