کراچی (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے ضلع غربی اور ضلع سینٹرل کی ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس الگ الگ منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں مرکزی جنرل سیکرٹری عبد الرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری عبد الحق ابدال، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی، جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، سندھ کے صوبائی نائب صدر سید غفور جان آغا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سرباز عبدالرب، صوبائی سیکرٹری مالیات بشیر خان ترین، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نصیر خان اچکزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری بصیر خان بادیزی اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمود خان یوسفزئی نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی رپورٹس پیش کی گئیں اور اضلاع میں قائم ابتدائی یونٹس کی ممبرشپ اور تنظیمی فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کراچی سمیت پورے سندھ میں پشتونوں کو درپیش مسائل، ملک میں جمہوریت کی صورتحال، مہنگائی، بدامنی اور لاقانونیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ان مسائل اور ناپاک عزائم سے نجات کے لیے ایک مضبوط تنظیم اور فعال قومی سیاست ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے کارکنوں کو مزید متحرک ہونا ہوگا۔ موجودہ حالات میں سوشل میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسے قومی تحریک کے مفاد میں مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ باشعور نوجوان نسل کو قومی اہداف سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اپنے وسائل پر اختیار حاصل کرکے ہی قوم اپنے مستقبل کو خوشحالی میں تبدیل کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ پارٹی کے مرکزی قائدین اس وقت صوبہ سندھ کراچی کے دورے پر ہیں اور سیاسی، تنظیمی سرگرمیوں اور بالخصوص پشتون عوام کو درپیش مشکلات وصورتحال کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
باشعور نوجوان نسل کو قومی اہداف سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، عبد الرحیم زیارتوال، عبد الحق ابدال

ٹیگز:
عبد الرحیم زیارتوال
