کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی نصیر کاکڑ نے سرانجام دی۔ اجلاس میں ضلع ایگزیکٹیو ز کی انفرادی رپورٹس پیش ہوئی اور تنظیمی سیاسی امور سے متعلق مختلف فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تمام علاقائی یونٹس کے کانفرنس کو مئی میں مکمل کرنے اور جون کے مہینے میں تحصیل کانفرنسز کی تکمیل اور شمولیتی پروگراموں کے فوری انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں عید الضحیٰ کے موقع پر پشتونخوا بلڈ بنک کے لیے قربانی کے جانوروں کی کالیں جمع کرنے، خیرات،عطیات جمع کرنے کے لیے تمام علاقائی یونٹس کو ہدایت کی جائیگی کے وہ اپنے ممبر شپ اور گلی محلوں میں عوام سے قربانی کے کالوں کو جمع کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی طے کرے۔ اجلاس میں عید الضحیٰ کے بعد چمن میں بڑے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کے حوالے سے تمام ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی اور تحصیلوں کو تیاری کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں 27اپریل 2000پشتون آباد کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے قومی،سیاسی، جمہوری جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور درجنوں کارکن جو آمرانہ قوتوں کی ایماء پر ہونیوالے آپریشن کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے کو ان کی قربانیوں پر داد تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،سید شراف آغا اور کبیر افغان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ہر کارکن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پارٹی کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور پھر پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی نے ملک کے قیام سے قبل اور بعد از قیام ملک کو آئین دینے، آئین کی بالادستی، جمہوریت، و ن مین ون ووٹ کے حصول، پارلیمنٹ کی خودمختاری، آزاد عدلیہ، میڈیا کی آزادی، سماجی عدل وانصاف، ملک کے آئین میں دیئے گئے دائرہ کار ودائرہ اختیار کے مطابق ہر ادارے کو اپنے فرائض کی انجام دہی کا پابند بنانے، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کی تشکیل کے لیے جدوجہد کرتی چلی آرہی ہے۔ جس کی پاداش میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو 33سال کی سزائیں دی گئی۔ آمر ایوب خان کے دور کے واحد سیاسی قید ی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی تھے جو 14سال جیل رہے اور رہائی کے بعد جب کوئٹہ پہنچے تو عوام کے شاندار استقبال دیکھ کر جرگہ کے ذریعے انہیں دوبارہ 14سال سزا سنائی گئی اور ان کے چند ساتھیوں کو اس سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اور اس طرح دو ہفتے کے اندر خان شہید کو دوبارہ جیل بھیج دیا گیا جہاں انہیں سخت ترین حالات میں رکھا گیا۔ خان شہید کی جیلوں، سزاؤں، قربانیوں پر آج پارٹی انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان تمام شہدا، اکابرین کو جنہوں نے پشتون قومی تحریک کے دوران اپنے سروں کا نذرانہ پیش کیا اور قومی سیاسی جمہوری جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ان کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس ` تحصیل کانفرنسز کی تکمیل اور شمولیتی پروگراموں کے فوری انعقاد کا فیصلہ

ٹیگز:
پشتونخواملی
