لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے اور اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حالیہ حملوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہےانہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کے عزم و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چھ ہفتوں تک جاری رہنے والی جنگ کے باوجود ایران نے جس حکمت عملی اور صبر کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تقلید ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایران کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر ان کے تمام دعوے ناکام ثابت ہوئے۔ جنگ بندی معاہدہ دراصل ایران کی سیاسی و سفارتی کامیابی ہے جس نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے جو سفارتی کردار ادا کیا وہ قابلِ ستائش ہے، اور مستقبل میں بھی پاکستان کو غیر جانبدار رہتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی جارحیت ہے جو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری نوٹس لے اور اسرائیل کو اس جارحیت سے باز رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کو اس نازک وقت میں متحد ہو کر سامراجی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایران، ترکی، پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خطے میں ایک ایسا بلاک قائم ہو سکے جو نہ صرف اپنے دفاع کو یقینی بنائے بلکہ مظلوم اقوام کی بھرپور حمایت بھی کرے۔آخر میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہر مسلمان کا فرض ہے، اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ عالمی سطح پر ان مظلوموں کی بھرپور وکالت کرے تاکہ خطے میں حقیقی اور دیرپا امن قائم ہو سکے۔
امتِ مسلمہ کے اتحاد سے ہی خطے میں پائیدار امن ممکن ہے: ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
