سوات (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے شریک چیئرمین مختار خان یوسفزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر مسلط نااہل اور غیر نمائندہ حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اور بے تحاشہ اضافہ کر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے کروڑوں شہری شدید مہنگائی، بدترین بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں، جبکہ ریاستی ادارے عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنی ناقص پالیسیوں، کرپشن اور نااہلی کے ذریعے نہ صرف معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے بلکہ عوام کا جینا بھی دوبھر کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں ان حکمرانوں کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی، آئینی یا عوامی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران فوری طور پر مستعفی ہو کر اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ اقتدار حقیقی عوامی نمائندوں کے حوالے کیا جا سکے۔مختار خان یوسفزئی نے ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافے کے خلاف پشتونخوا نیپ کے زیر اہتمام جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں ایک عظیم الشان عوامی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہزاروں مظاہرین نے مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں، شاہ خرچیوں اور مراعات کے تحفظ کے لیے غریب عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہیں اور ملک و خیبر پشتونخوا صوبے کو معاشی تباہی، قرضوں کے بوجھ اور بدانتظامی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کرپشن، اقرباء پروری اور من مانی کا راج ہے، اور حکمران اپنے ذاتی مفادات کی خاطر قومی وسائل کو بے دریغ لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قوم کا استحصال کرنے والوں کو ایک نہ ایک دن عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔مظاہرے سے پشتونخوا نیپ ضلع سوات کے سیکریٹری نامدار علی خان ایڈووکیٹ، پی ایس او کے صوبائی آرگنائزر غیرت خان یوسفزئی، ڈاکٹر اسماعیل، شاکر خان، شاہ بخت روان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون قوم پہلے ہی بدامنی، بے روزگاری اور محرومیوں کا شکار ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے آخری ضرب ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت ہے، جس کے باعث عوام کے لیے موجودہ مہنگائی کا بوجھ اٹھانا ناممکن ہو چکا ہے۔مقررین نے خبردار کیا کہ مہنگائی کے اس سیلاب کے نتیجے میں جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ غربت کے ہاتھوں مجبور والدین اپنے بچوں کو تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور طبقے کی زندگی شدید خطرات سے دوچار ہو چکی ہے اور وہ فاقہ کشی کی طرف دھکیلے جا رہے ہیں۔احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی اور مرکزی و صوبائی حکومتوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام اب مزید ظلم، ناانصافی اور معاشی استحصال برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر فوری طور پر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور اسے ملک گیر سطح پر ایک فیصلہ کن عوامی تحریک میں تبدیل کیا جائے گا۔
حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اور بے تحاشہ اضافہ کر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے : مختار خان یوسفزئی

ٹیگز:
مختار خان یوسفزئی
