کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں شیخ زاہد ہسپتال کوئٹہ سے انجیوگرافی مشین کی ممکنہ منتقلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ فیصلہ عمل میں لایا گیا تو یہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم کرنے کے مترادف ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ شیخ زاہد ہسپتال ایک وسیع علاقے کے عوام کو علاج و معالجے کی بنیادی سہولیات فراہم کرتا ہے، جہاں دور دراز علاقوں سے مریض رجوع کرتے ہیں۔ ایسے میں اس اہم اور حساس طبی مشین کی ممکنہ منتقلی خصوصاً دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے شدید مشکلات اور خطرات پیدا کر سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شیخ زاہد ہسپتال کو مزید جدید سہولیات، نئی ٹیکنالوجی اور بہتر طبی وسائل سے آراستہ کیا جائے، نہ کہ پہلے سے موجود سہولیات کو بھی منتقل کیا جائے۔ اس قسم کے اقدامات ادارے کی افادیت کو متاثر کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ نئے اداروں کا قیام ایک مثبت قدم ہو سکتا ہے، تاہم اس کے لیے فعال ہسپتالوں کے وسائل کو منتقل کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ اگر یہ ممکنہ منتقلی عمل میں آتی ہے تو یہ صحت کے شعبے میں عدم مساوات اور عوامی محرومیوں میں اضافے کا سبب بنے گی۔بیان میں کہا گیا کہ اس ممکنہ فیصلے پر فوری طور پر روکا جائے اور شیخ زاہد ہسپتال میں انجیوگرافی کی سہولت کو برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
شیخ زاہد ہسپتال سے انجیوگرافی مشین کی ممکنہ منتقلی پر تشویشناک ہے، نیشنل پارٹی

ٹیگز:
نیشنل پارٹی
