کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال (بی ایم سی ایچ) کے ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی کی جانب سے پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے نوجوان کے لاش کی فوٹیج بنانے اور لواحقین کا موقف لینے سے سماء ٹی وی کی ٹیم کو روکنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے میڈیا کو معلومات تک رسائی سے روکنے پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ و مجلس عاملہ کے اراکین نے کہاہے کہ گزشتہ رات سماء ٹیم کی ٹیم پولیس حراست میں ہلاک ہونے ہونے والے ایک نوجوان کے لاش کی فوٹیج بنانے اور اسپتال میں موجود نوجوان کے لواحقین کا مواقف لینے کیلئے بی ایم سی ہسپتال پہنچی اس دوران اسپتال کے ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر محمد نسیم کٹکیزئی اپنے گن مینوں کے ہمراہ پہنچے اور ٹیم کو کوریج سے روک دیا ساتھ ہی ڈپٹی ایم۔ایس نے سماء ٹی کے کیمرہ مین شہزاد انور سے کیمرہ چھیننے کی کوشش کی اور انہیں پولیس کے ذریعے دھکے دیکر اسپتال سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دی۔ بی یو جے بی ایم سی اسپتال انتظامیہ کے اس رویے اور ہتک آمیز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اسے عوام کو معلومات تک رسائی سے روکنے کی سازش قرار دیتی ہے۔ بی یو جے نے کہاہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ کسی سرکاری اسپتال کی انتظامیہ نے میڈیا اور صحافیوں کو اسپتال میں کسی واقعی کی کوریج سے روکاہے بلکہ بعض دیگر سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کا رویہ بھی ہمیشہ سے اسی طرح رہاہے اور سرکاری اسپتالوں میں مختلف واقعات کی کوریج پر غیر قانونی پابندی لگائی عائد ہے۔۔ بیان میں کہا گیاہے کہ بی یوجے بلوچستان کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے ہم نے آزادی صحافت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور سرکاری اداروں میں انتظامیہ کے غیر جمہوری اور غیر قانونی رویے کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اب بھی بی ایم سی اسپتال کی انتظامیہ کا رویہ قبول نہیں کیاجائے گا، بی یو جے نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری محکمہ صحت سے بی ایم سی اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے سماء ٹی وی کی ٹیم کو کوریج سے روکنے ان کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے اور دھمکیاں دینے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے ڈپٹی ایم ایس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے جبکہ دیگر تمام سرکاری اسپتالوں میں کوریج کیلئے میڈیا کی راہ میں حائل رکاؤٹیں فوری طور پر ختم کرے بصورت دیگر بی یوجے ہر سطح پر احتجاج کاحق محفوظ رکھتی ہے۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی بی ایم سی اسپتال میں سماء ٹی وی کی ٹیم کو کوریج سے روکنے اور دھمکیاں دینے کی مذمت

