کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سانحہ یارو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ عوام میں موجود انصاف ملنے اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کی امید زندہ رہے، جرائم پیشہ عناصر اور قاتل ڈاکو ایسے دندناتے پھرتے رہے تو ریاستی رٹ کی رہی سہی کسر بھی ختم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر سے عوام کا اعتماد اُٹھ جائے گا۔ شہدائے یارو کا خون راہیگاں نہیں جانے دینگے ریاست عوام کے سرومال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے تو اعتراف کرکے عوام کو اپنی تحفظ خود کرنے کا کہہ دیں اور کرورڑوں اربوں روپے بجٹ سیکورٹی کے نام پر ضائع نہ کریں۔ قاتلوں کی فوری گرفتاری انہیں سزا نہ دی گئی تو احتجاج کو وسعت دینگے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ضلعی رہنماء اور یارو امن کمیٹی کے سربراہ عبدالستار کاکڑ، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، ضلع صدر عمر خان ترین، جمعیت علماء اسلام کے تحصیل جنرل سیکرٹری حافظ نعمت اللہ، یارو امن کمیٹی کے اراکین محمد دین اور مذہبی سیاسی رہنماء عبدالرحمن نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یارو میں نہتے معصوم ومظلوم معزز تعلیم یافتہ،شریف النفس خاندان کے گھر میں گھس کر غنڈوں، قاتلوں اور جرائم پیشہ عناصر نے پشتون روایات اور چادر وچار دیواری کی بدترین پائمالی کرتے ہوئے نوجوان لڑکی ان کے والد خان، اور ان کے کزن شہریار خان یوسفزئی کو فائرنگ کرکے شہید کیا جبکہ نسیم خان کی اہلیہ کو بھی گولیاں مارکر قتل کرنے کی کوشش کی جو کہ تاحال انتہائی نگہداشت کی حالت میں ہے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت اتنی کمزور نہیں کہ قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ چند ایسے مضبوط ہاتھ ضرور ہیں جو قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔ مقررین نے حکومت کی بے حسی، بے بسی اور خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث قاتلوں اور انہیں پناہ دینے والے تمام سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ پشتون معاشرے میں ایسی گھناونی حرکتوں سے اجتناب کیا جاسکے۔ مقررین نے کہا کہ قاتلوں کی فوری گرفتاری انہیں قرار واقعی سزا دلوانے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہر قسم کی تعاون کو یقینی نہ بنایا گیا تو علاقے کے عوام سیاسی جمہوری پارٹیوں کے ساتھ احتجاج میں شدت لائے گی جس میں شٹرڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال،شاہراہیں بلاک بھی کی جاسکتی ہے تب ہر قسم کے حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے انصاف دو یا اقتدار چھوڑو، قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دو، شہدا کے لواحقین کو انصاف اور تحفظ دو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں، عوام اور یارو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ مقررین نے واضح کیا کہ اگر حکومتی یقین دہانیوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو جلد آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
سانحہ یارو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے : عبدالستار کاکڑ

ٹیگز:
عبدالستار کاکڑ
