قلات(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد منگچر ڈاکٹر علی گل عمرانی نے مقامی پٹوار خانہ کا تفصیلی دورہ کیا اور ریونیو امور کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پٹوار خانے میں موجود تمام سرکاری ریکارڈز، بشمول جمع بندی، انتقال(تغیرات) اور دیگر اہم متعلقہ دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے ریکارڈ کی درستگی اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے عملے کی کارکردگی کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر علی گل عمرانی نے ریونیو کے عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زرعی انکم ٹیکس سے متعلق مقررہ اہداف کو مزید بڑھایا جائے اور ٹیکسوں کی وصولی میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمع بندی کے ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال اور بروقت اپ ڈیٹ ہونا عوامی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے، لہذا اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عملے کو نصیحت کی کہ وہ عوام کی سہولت کے لیے ریونیو ریکارڈ تک رسائی کو آسان اور شفاف بنائیں۔
خالق آباد منگچر،اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر علی گل عمرانی کا پٹوار خانہ کا دورہ، ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال

ٹیگز:
خالق آباد
