کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر زرعی کالج کے احاطے میں درختوں کی کٹائی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ کالج کے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے۔ وزیراعلی نے اس واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے اعلی سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر تحقیقات میں کسی بھی سطح پر غفلت، بدانتظامی یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان شجرکاری اور سرکاری املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور صوبے میں ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
کوئٹہ، وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کا زرعی کالج میں درختوں کی کٹائی پر سخت ایکشن، پرنسپل معطل اور تحقیقات کا حکم

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
