تربت(ڈیلی گرین گوادر)تربت میں ٹارگٹ کلنگ کے تین مختلف واقعات میں تین افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پہلا واقعہ کونش قلات تمپ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے محمد جان ولد اسماعیل کو جاں بحق کر دیا۔دوسرا واقعہ ڈھنک میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ثناء اللہ ولد سبزل سکنہ گوکدان موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔تیسرا واقعہ شاپک میں ہوا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دکان دار حاتم ولد خدا بخش جاں بحق ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تینوں مقامات پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔عوامی حلقوں نے بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تربت میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں 3افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

ٹیگز:
تربت
