کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے کہا ہے کہ ضلع کوئٹہ میں رواں سال 34 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ داخلہ مہم شروع کی جا رہی ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی نے بتایا کہ اس وقت شہر میں 679 اسکولز موجود ہیں جہاں ایک لاکھ 72 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، اس لیے والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اساتذہ کی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور 700 سے زائد اساتذہ کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں موجود 70 فیصد غیر فعال اسکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ باقی اسکولوں کو بھی جلد فعال بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصیر شاہ نے بتایا کہ اسکولوں میں بچوں کے لیے کھانے کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ تعلیمی میدان میں کوئٹہ کو رول ماڈل بنایا جائے۔
ضلع کوئٹہ میں رواں سال 34 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دلانے کا ہدف مقرر، 700 سے زائد اساتذہ کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے، مہر اللہ بادینی

ٹیگز:
مہر اللہ بادینی
