لاہور (ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے دورۂ تفسیر القرآن کی تکمیل پر طالبات کے اعزاز میں پروقار تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد کی گئ- سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ حکیم کا فہم و تدبر انسان کی زندگی کو بدل دیتا ہے اور یہی وہ علم ہے جو فرد اور معاشرے دونوں کی اصلاح کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو گروہ وارانہ تعصبات سے نکل کر اتحاد و یگانگت کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔ ہم ایک قرآن، ایک سنت اور ایک دین کے ماننے والے ہیں، لہٰذا ہمیں تقسیم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج اہلِ غزہ اور اہلِ ایران نے اپنے عزم و استقامت سے حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کی یاد تازہ کر دی ہے۔ مظلوم اقوام پر ہونے والے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مذہبی جنونیت کا طعنہ دیا جاتا ہے، حالانکہ مغربی طاقتیں خود مظلوم قوموں پر چڑھائی کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمانوں کی تاریخ ظلم و بربریت کی نہیں بلکہ عدل، رحم اور انسانیت کی تاریخ ہے۔ ہماری تاریخ میں حضرت عمر فاروقؓ جیسے حکمران ہیں جنہوں نے دشمن کو بھی پناہ دی تو اسے بحفاظت گھر تک پہنچایا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام کا گہرا مطالعہ کریں اور علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سے بڑھ کر کوئی انصاف، اعتدال اور انسانیت کا داعی نظام نہیں۔ امتِ مسلمہ کو تعصب سے دور رہتے ہوئے اتحاد، علمی ترقی اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا اور ہر قسم کی معاشی، تہذیبی اور حکومتی غلامی کی زنجیروں کو توڑنا ہوگا۔۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری حلقۂ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآنِ حکیم کا علم انسان کے فکر و عمل میں انقلاب برپا کرتا ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ دورۂ تفسیر سے حاصل ہونے والے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں قرآن کے پیغام کو عام کرنے کی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کا قرآن فہمی کے ساتھ معاشرے کی اصلاح میں کردار ادا کرنا نہایت اہم ہے اور یہ طالبات مستقبل میں دین کی مضبوط داعی بن کر ابھریں گی- انہوں نے طالبات کو ضیاء چینل کا تعارف دیا اور اس سے وابستہ ہونے اور بھرپور استفادے کی تاکید کی-
تقریب کے دوران ڈاکٹر حمیرا طارق نے مقابلۂ قرأت میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات اور اسناد سے نوازا۔ اس کے علاوہ دورۂ تفسیر کے دوران بہترین ذمہ داریاں انجام دینے والی گروپ لیڈرز کو تحائف دیے گئے جبکہ بہترین کارکردگی اور بہترین نوٹس تیار کرنے والی طالبات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ دورۂ تفسیر مکمل کرنے والی تمام طالبات کو حسنِ کارکردگی کی اسناد بھی پیش کی گئیں۔ اس بابرکت علمی سفر کا آغاز 25 شعبان المعظم سے ہوا تھا اور یہ سلسلہ 17 رمضان المبارک تک جاری رہا۔ اس دوران پاکستان بھر سے تقریباً دو سو طالبات منصورہ میں قیام پذیر رہیں اور مسجد منصورہ میں منعقد ہونے والے دورۂ تفسیر القرآن سے بھرپور استفادہ کرتی رہیں۔یہ مبارک لمحہ طالبات کی محنت، استقامت اور قرآنِ حکیم سے گہری وابستگی کا مظہر تھا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو حسنِ کارکردگی کی اسناد، انعامات اور تحائف سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے طالبات میں انعامات تقسیم کیے جبکہ دورہ تفسیر کی انتظامی کمیٹی کے ممبران رفعت پراچہ ، نبیلہ توحید ، شاہینہ طارق ، میمونہ اصغر ، ظفر جہاں بھی اس موقع پر موجود تھیں- تقریب کے اختتام پر طالبات کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں قرآنِ حکیم کے علم کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے اور اسے معاشرے تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔
قرآن فہمی امت کی اصل قوت ہے، گروہی و فرقہ وارانہ تعصبات چھوڑ کر اتحاد اور علم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا ، ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
