کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کا ایک اعلیٰ سطحی اور باوقار وفد صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے کوئٹہ پہنچا، جہاں وفد نے ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی تودیشکی سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور دیگر شہداء کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کیا۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے تحریری تاثرات میں واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہداء کی قربانیاں محض ایک قومی سانحہ نہیں بلکہ ایرانی عوام کے عزم، اتحاد، حریت اور خودمختاری کی زندہ علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت اور جبر کے ذریعے اقوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، بلکہ ایسی آزمائشیں قوموں کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عالمِ اسلام کو درپیش پیچیدہ سیاسی و عسکری چیلنجز کے تناظر میں باہمی یگانگت، اصولی مؤقف، واضح خارجہ پالیسی اور مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کے مفادات، علاقائی امن اور خودمختار ریاستوں کے وقار کے تحفظ کے لیے سنجیدہ سفارتی روابط اور باہمی تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت اور عوام کو یقین دلایا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر اخلاقی و سیاسی یکجہتی کا اظہار جاری رکھے گی۔ وفد میں امیر ضلع کوئٹہ مولانا عبدالرحمن رفیق، رکن صوبائی اسمبلی میر ظفر زہری، رکن صوبائی اسمبلی حاجی ظفر آغا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈوکیٹ راوف عطاء، مولانا محب اللہ، مولانا اسرار اللہ، مولانا طائر توحیدی اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔
شہداء کی قربانیاں محض ایک قومی سانحہ نہیں بلکہ ایرانی عوام کے عزم، اتحاد، حریت اور خودمختاری کی زندہ علامت ہیں،و سینیٹر مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
مولانا عبدالواسع
