کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک سیاسی تنظیم کی میڈیا ٹاک کے دوران پولیس کی مبینہ بے جا مداخلت اور صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے لیے ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سی پی این ای کے صدر اور سیکریٹری جنرل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پریس کلب سیاسی، مذہبی، سماجی، کاروباری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں اور افراد کے بیانات کو پریس کانفرنس یا میڈیا ٹاک کے ذریعے ذرائع ابلاغ تک پہنچانے کا تسلیم شدہ پلیٹ فارم ہے۔ ایسے مقام پر سرکاری اداروں یا پولیس اہلکاروں کا داخل ہو کر صحافیوں کو کوریج سے روکنا آزادی صحافت اور اظہار رائے کے آئینی حق پر قدغن لگانے کے مترادف اور ایک مذموم اقدام ہے۔بیان میں سرفراز بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقت اور آئی جی بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کریں۔سی پی این ای نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ ملک میں آزادی صحافت اور اظہار رائے کے آئینی حق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ صحافی بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
کوئٹہ پریس کلب میں پولیس مداخلت پر سی پی این ای کی شدید مذمت، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ٗ سی پی این ای

ٹیگز:
سی پی این ای
