کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ تفصیلی بیان میں چمن کے نواحی علاقے تورپل کے قریب گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 8معصوم بچوں کی شہادت اور 17 افراد کے زخمی ہونے کے المناک سانحے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دلخراش واقعے نے پورے صوبے کو سوگوار کر دیا ہے۔ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس نے ہر آنکھ کو اشکبار اور ہر دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ پارٹی قیادت نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے لواحقین کے لیے فوری اور معقول مالی امداد کا اعلان کیا جائے، زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر برداشت کیے جائیں، اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی کے لیے خصوصی پیکیج دیا جائے۔ ساتھ ہی گیس سلنڈرز کی تیاری، ترسیل اور ری فلنگ کے عمل کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی۔ پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 8معصوم بچوں کی شہادت نے پورے صوبے کو سوگوار کر دیا ہے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

