کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام 21فروری مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر پریس کلب کوئٹہ میں مرکزی تقریب پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ تقریب سے عبدالرحیم زیارتوال، پشتو اکیڈمی کے صدر حافظ رحمت اللہ نیازی، ممتاز ادیبوں ومصنفین درویش درانی، خلیل باور، پروفیسر نصیب اللہ سیماب، نذر خان پانیزئی، شوکت ترین، پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے سرانجام دیا۔ پشتونخوامیپ کے مرکزی وصوبائی قائدین، مرکزی کمیٹی کے اراکین سمیت پشتوزبان کے ماہرین، پشتوڈیپارٹمنٹ کے پروفیسرز، پشتو اکیڈمی، پشتونخوا لائرز فورم، پشتونخوا ڈاکٹر فورم کے ممبران نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں کی بدولت اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے 21فروری کے دن کو عالمی دن قرار دیااور اب ہر سا ل اس دن کو مادری زبانوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔مقررین نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد پشتو مادری زبان کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پشتو زبان ہماری فطری وحدت،قومی وملی تشخص کی علامت ہے مادری زبان اور ثقافت ہی انسان کی شناخت ہوتی ہے اور اپنی مادری زبان کی خدمت کرنا ہرانسان کا قومی فریضہ ہے۔ پشتونخوامیپ نے مادری زبانوں کو سرکاری، عدالتی، تعلیمی، دفتری زبان درجہ دینے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور بالخصوص خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی پشتو زبان کیلئے کی گئی انتھک محنت کو قابل فراموش نہیں کیا جاسکتا۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ ہر قوم کے مذہب، زبان، ثقافت کا احترام کرتی ہے،پشتو زبان کی ترقی وترویج اور اس کے فروغ کیلئے ہر سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے، بنگالی طلباء کی قربانیوں کی بدولت 21فروری کے دن کو مادری زبانوں کے عالمی دن کی حیثیت سے حاصل ہوئی ہے، ہند کی تقسیم کے بعد بدقسمتی سے غیر سیاسی لوگ اس ملک کے خودمختار بنے، ملک کے اقوام کی زبان وثقافت سے انکار اور ان کے وسائل پر ان کے حق ملکیت کو تسلیم نہ کرنا ملک کی تباہی کی جانب دھکیلنے کا باعث بنا اس لیے ضروری ہے کہ تمام اقوام کے وسائل پر انہیں اختیار اور آئینی طور پر ضمانت دی جائے۔ مقررین نے کہا کہ کوئی انسان اپنی زبان خود نہیں چنتا بلکہ زبان خدا کا دیا ہواتخلیق ہوتا ہے اور ہمارے حکمران طبقے خدا کے حکم ماننے سے بھی انکار ی رہے ہیں جبکہ قرآن شریف کی مختلف آیتوں میں زبان کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ خدانے آخری پیغمبر حضرت محمدﷺ سے کہا کہ میں نے قرآن کریم کو انتہائی سادہ آسان اور آپ کے قوم کی زبان میں بھیجا ہے۔اسی طرح ہر قوم کے لیے پیغمبر انہی کے زبان میں بھیجا گیا تھا تا کہ وہ اپنے قوم کی رہنمائی کرسکے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کے قیام سے قبل قوموں کی زبانیں اور ثقافت اپنا وجود رکھتی تھی، 23مارچ 1940کی قراردادکی روشنی میں جو مطالبات پیش کیئے گئے تھے ان سے پہلے روز سے رو گردانی کی گئی اور نہ ہی آج تک اس قراردادپرعمل کیا گیاہے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتونوں سمیت دیگر اقوام کی بھی برابری چاہتی ہے اور ان کے حقوق کا مطالبہ کرتی ہے لیکن بدقسمتی سے غیر جمہوری قوتیں جس طرح ملک کے آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ و طاقت کا سرچشمہ بنانے، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، سیاست میں اداروں کی مداخلت کے رول کے خاتمے، خودمختار الیکشن کمیشن اور عوام کے جمہوری حق رائے دہی، آزاد عدلیہ ومیڈیا سے انکاری ہیں اسی طرح ہماری زبان، ثقافت، تہذیب وتمدن سے بھی مسلسل انکار کررہے ہیں۔یہاں محکوم قوموں کو اپنی زبان اور ثقافت سے محروم رکھا جارہا ہے پشتو سمیت دیگر اقوام کی زبانوں کو قومی زبان کا درجہ نہ دینا نیک شگون نہیں۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی پشتو زبان کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں خان شہید ہی نے پشتو اکیڈمی کی بنیاد رکھی اور اس کی تعمیر وفروغ کیلئے پشتونخوامیپ نے ہر سطح پر اقدامات کیئے اور سب سے بڑھ کرپرائمری کی سطح تک مادری زبانوں میں تعلیم دلانے کیلئے ایکٹ بنایا گیا جسے اسمبلی کے فلورپر باقاعدہ متفقہ طور پر منظور بھی کیا گیا اور پھر پشتو، بلوچی، براھوئی، سرائیکی، سندھی، فارسی اور پنجابی تمام زبانوں کو پرائمری کی سطح تک نصاب تعلیم میں شامل کیا گیا۔لیکن افسوس کہ آج تک اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اس قانون پر عملدرآمدناگزیر ہے۔ کیونکہ ملک کے اقوام کی مادری زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دینا اشد ضروری ہے تمام دنیا اس بات پر متفق ہے کہ ہر قسم کی ترقی اور علوم کا حصول کا بہترین اور واحد ذریعہ مادری زبان ہے۔ مقررین نے کہا کہ جن قوموں نے اپنی مادری زبان اور ثقافت کی تحفظ کی اور اسے اپنی زندگی میں عملی بنایا ایسی قومیں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔ ہمارے نوجوانوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے کہ وہ پشتو لکھنے، پڑھنے اور بولنے کو اپنا معمول زندگی بنائے اور سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنی زبان کی خدمت کریں۔ سوشل میڈیا کی جو سہولت ہمیں میسر ہے ہمیں اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے لیکن کچھ عناصر نے اس سوشل میڈیا پر جو طوفان بدتمیزی برپا کی ہے وہ قابل افسوس ہے اور ہمیں ایسے عناصر کا راستہ روکنا ہوگا جو پشتونوں کی تاریخ، زبان، ثقافت، تہذیب وتمدن کو مسخ کرنے کے ناروا عزائم پر کاربند ہے۔ کیونکہ پشتون قوم اور اس کی تمام شاخیں ایک گلدستہ کی مانند ہے اور نوجوانوں سمیت سب کو مل کر ایک دوسرے کی زبان، ثقافت، قوم، مذہب، کا احترام کرنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ملک بھر،پشتونخوا وطن اور ملک سے باہر بھی مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر مختلف تقاریب،سیمینار اور عوامی اجتماعات کا انعقاد یقینی بنایا اور ہر سال اس دن کو مناتی آرہی ہے کیونکہ اس دن کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنا پشتونخوامیپ سمیت ہر پشتون اور ہر سیاسی جمہوری وطن دوست جماعت وفرد کا فریضہ ہے۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی پشتوزبان کے حوالے سے صحافت(استقلال اخبار) ادب کے شعبے سمیت زندگی کے ہر شعبے میں خدمات نمایاں اور قابل تحسین ہیں جنہیں ایک عظیم لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ دانشور، مصنف، صحافی، متراجم کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ان کی کتابوں کا اگر مطالعہ کیا جائے تو پشتونوں کیلئے اس میں اہم پیغام ہے اور پیغام کو سمجھناضروری ہے کیونکہ یہی ہمیں تمام تر مسائل سے نجات اور اتحاد واتفاق کا راستہ دکھاتی ہے۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمودخان اچکزئی اور پشتونخوامیپ کا مادری زبانوں کے حوالے سے ہر سال اس دن کو بھرپور انداز سے منانے سے یہ واضح ہے کہ اس پارٹی اور اس کے چیئرمین مادری زبانوں کے حوالے محبت واحساس رکھتے ہیں جنہوں نے اسمبلی سمیت ہر فلور پر مادری زبانوں اور محکوم قوموں کیلئے نہ صرف تاریخی آواز بلند کی بلکہ محکوم قوموں کی بہترین نمائندگی وترجمانی کی جس پر ہمیں فخر ہے۔
21فروری کے دن کو منانے کا مقصد پشتو مادری زبان کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہے : عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
