کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال، مختلف شاہراہوں پر سیوریج نظام کی خرابی، نالیوں کی بندش اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ پر شدید تشویش اور گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کی موجودہ حالت نہایت قابلِ فکر ہے اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث شہری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ روز بروز گندگی، بدانتظامی اور انتظامی نااہلی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں کچرے کے ڈھیر معمول کا منظر بن چکے ہیں، جن سے تعفن پھیل رہا ہے اور مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ نالیاں بند پڑی ہیں، سیوریج کا گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بہہ رہا ہے، جبکہ متعدد اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بارش کی صورت میں صورتحال مزید گھمبیر ہو جاتی ہے اور شہریوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس تمام صورتحال کے باعث نہ صرف عوام کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کی صحت بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو چکی ہے۔ بیان میں متعلقہ اداروں، صفا کوئٹہ اور میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلسل غفلت، نااہلی اور عدم منصوبہ بندی کے باعث صوبائی دارالحکومت بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہوتا جا رہا ہے۔ تاجر برادری کاروباری نقصانات برداشت کر رہی ہے، طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے، مریضوں اور ایمبولینس سروس کو ٹوٹی سڑکوں اور جمع شدہ پانی کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں، جبکہ عام شہری روزانہ اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ کسی بھی سطح پر مؤثر، مربوط اور سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی کے نظام کو فوری اور مؤثر انداز میں فعال بنایا جائے، بند نالیوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی جائے، سیوریج لائنوں کی مرمت اور بہتری کو یقینی بنایا جائے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ بیان میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ وقتی اور نمائشی اقدامات کے بجائے مستقل اور پائیدار حل کی جانب توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔ پریس ریلیز میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر صورتحال میں فوری اور واضح بہتری نہ لائی گئی تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری و آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ آخر میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ صوبے کا دارالحکومت اور انتظامی مرکز ہے، مگر اس کی موجودہ حالت حکومتی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ لہٰذا متعلقہ حکام پر لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے ادا کریں اور فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کے ذریعے شہر کی حالت کو بہتر بنانے کو یقینی بنائیں۔
کوئٹہ شہر میں مختلف شاہراؤں پر سیورج نظام خراب ٗ نالیوں کی بندش صفائی کی صورتحال ابتر ہے ٗ پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوانیشنل
