کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کوئٹہ ڈویژن میں پوست کی کاشت کے تدارک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر (پولیٹیکل) کوئٹہ ڈویڑن سید کلیم اللہ، انسدادِ منشیات فورس (ANF) کے افسران، ڈپٹی کمشنر پشین، ڈپٹی کمشنر چمن، ایس سی قلعہ عبداللہ، ایس پی پشین، ایس پی ژوب اور ایس پی چمن نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں کوئٹہ ڈویژن میں پوست کی کاشت کے خلاف جاری کارروائیوں، فنڈز کے اجرا، سروے اور آئندہ کے ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ،پولیس،ایف سی اور اے این ایف مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔اب تک 70 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پوست کی کاشت کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔فصل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے مکمل نشاندہی کے بعد کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔ ان کارروائیوں کے دوران 150 سے زائد ٹیوب ویل /ڈھانچے مسمار،1316 سولر پلیٹس،300 پانی کے ٹینک قبضے میں لیے گئے اور متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج اور کئی افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ایکشن پلان کے مطابق کارروائی مزید تیز کریں۔اے این ایف جلد از جلد سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔مارچ اور اپریل تک فصل تیار ہونے سے پہلے ہی اسے تلف کیا جائے۔کاشت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ایف آئی آر کے اندراج اور فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بروقت نشاندہی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے منشیات کی کاشت کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے، جس کے لیے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔
پوست کی فصل تیار ہونے سے پہلے تلف کی جائے،کاشت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ

ٹیگز:
شاہزیب خان کاکڑ
