گوادر(ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی زیرِ صدارت جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم پروگریس ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف انجینیئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈ نادر بلوچ، سپرنٹنڈنگ انجینیئر شے آصف غنی، پی ڈی واٹر میرجان بلوچ سمیت دیگر انجینیئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جی ڈی اے اولڈ ٹاؤن بحالی پروجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں شاہی بازار، جنت بازار، سورگ دل فٹبال گراؤنڈ، ینگ جان فٹسال گراؤنڈ قدیم ثقافتی ورثہ کی بحالی، واٹر منصوبہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ڈرینج و سیوریج لائنز کی تنصیب، سڑکوں اور گلیوں کی توسیع و پختگی کے منصوبے شامل تھے۔اسی طرح پلیری کور ہور میرین ڈرائیو پر زیر تعمیر کازوے سے متعلق بھی ڈائریکٹر جنرل کو پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ انجینیئرز نے اپنے اپنے منصوبوں سے متعلق فزیکل اور فنانشل پیشرفت اور درپیش چیلنجز سے متعلق بھی ڈائریکٹر جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے ترقیاتی کاموں کے دوران انجینیئرز کی عدم موجودگی سے متعلق عوامی شکایات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کو میرین ڈرائیو سید ظہور شاہ ہاشمی چوک سے بوٹ بیسن تک متاثرہ اسٹریٹ لائٹس سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، جس پر بتایا گیا کہ سید ہاشمی چوک سے بوٹ بیسن تک جدید سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا تاکہ متاثرہ لائٹس کو بحال کیا جا سکے۔اسی طرح جی ڈی اے آفس کی سولرائزیشن سے متعلق پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے ادارے کی مالیاتی امور سے متعلق ایک الگ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈائریکٹر فنانس ذاکر مجید اور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عبدالشکور نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کو مالیاتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران مختلف اقدامات اور کفایت شعاری کے باعث ادارے کو تقریباً لاکھوں روپے کی بچت ہوئی ہے، جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔اجلاس میں ادارے کو خود کفیل بنانے اور ریوینیو جنریشن میں اضافے کے لیے زیرِ غور منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے مالی نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے اور آمدن بڑھانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے،ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان

ٹیگز:
جی ڈی اے
