کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری 2024 ملک کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جس کے تباہ کن اثرات تقریباً دو سال گزرنے کے باوجود پوری شدت کے ساتھ آج ملک کے سامنے آ چکے ہیں۔ اس دن ہونے والے نام نہاد انتخابات میں چور، ڈاکو، غیر سیاسی اور عوامی مینڈیٹ سے نابلد عناصر کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ آج ملک اپنی تاریخ کے کمزور ترین پل پر کھڑا ہے۔ ڈیرہ بگٹی سے لے کر اسلام آباد تک انتخابی دھاندلی کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ جمہوریت کو یرغمال بنا کر جو حکومت قائم کی گئی، وہ نہ عوام کی نمائندہ ہے اور نہ ہی ملک کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے کی اہلیت رکھتی ہے۔مرکزی سیکرٹریٹ کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا اس انتخابی جعلسازی کے سب سے بڑے متاثرہ صوبے ہیں، جہاں بدامنی، سیاسی بے یقینی، معاشی تباہی اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ عوام کے حقیقی نمائندوں کو دیوار سے لگا کر مسلط کردہ حکمرانوں نے وفاق کو کمزور اور ریاستی ڈھانچے کو کھوکھلا کر دیا ہے۔جمہوری وطن پارٹی ان غیر آئینی، غیر جمہوری اور عوام دشمن اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کے اصل مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، فارم 47 کی پیداوار حکومتوں کا احتساب کیا جائے اور ملک کو اس سنگین بحران سے نکالنے کے لیے شفاف، آزاد اور منصفانہ سیاسی عمل کو یقینی بنایا جائے۔جمہوری وطن پارٹی عوام کے حقِ حکمرانی، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
8 فروری 2024 ملک کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جس کے تباہ کن اثرات تقریباً دو سال گزرنے کے باوجود پوری شدت کے ساتھ آج ملک کے سامنے آ چکے ہیں، جے ڈبلیو پی

ٹیگز:
جے ڈبلیو پی
