کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کے امراء و نظماء کا نمائندہ اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعتی امور، ضلع کوئٹہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، عوامی و سماجی مسائل اور 8 فروری کے یومِ سیاہ کے تناظر میں 12 فروری کو منعقد ہونے والے یومِ سیاہ سیمینار کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی مجلس عاملہ کے اراکین، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، مولانا محب اللہ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حاجی ولی محمد بڑیچ، عبدالصمد حق یار، مفتی نیک محمد، میر سرفراز شاہوانی، مولوی علی جان، سید سعد اللہ آغا، عبدالباری شہزاد، مولوی جمال الدین حقانی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کو تحریری صورت میں بذریعہ سرکلر تمام یونٹوں کے حوالے کیا گیا، جن میں جماعت کی فعالیت، تنظیمی نظم و ضبط اور کارکردگی سے متعلق اہم فیصلے شامل تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 فروری کو یومِ سیاہ مرکزی جماعت کی ہدایات کے مطابق بھرپور انداز میں منایا جائے گا تاہم چونکہ اسی روز اپوزیشن اتحاد کی جانب سے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جاچکی ہے، اس لیے یومِ سیاہ کے حوالے سے مرکزی سیمینار 8 فروری کے بجائے 12 فروری کو جامعہ مطلع العلوم میں ظہر 2 بجے منعقد کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام یونٹوں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ سیمینار کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاری اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ تمام ماتحت یونٹوں اور تحصیلوں کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ رمضان المبارک سے قبل اپنی اپنی مجلسِ عاملہ، مجلسِ عمومی اور مجلسِ شوریٰ کے اجلاس طلب کریں۔ مزید برآں رمضان المبارک میں مخیر جماعتی احباب اپنے پڑوس اور گرد و نواح میں مقیم غریب و نادار خاندانوں، مساکین اور مستحقین کی مالی معاونت کریں تاکہ ان کے بچے افطاری اور عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ عوام کے مسائل پر آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی حق و انصاف کی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
رمضان المبارک میں مخیر جماعتی احباب اپنے پڑوس اور گرد و نواح میں مقیم غریب و نادار خاندانوں، مساکین اور مستحقین کی مالی معاونت کریں، مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
عبدالرحمن رفیق
