کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی کی شدت میں اضافہ، بجلی کی آنکھ مچولی جاری، متعدد علاقوں کا رابطہ منقطع، ریسکیو آپریشن جاری۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو زیارت میں 9 انچ، قلات میں 6.8 انچ جبکہ کوئٹہ میں 0.7 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق قلات میں 41 ملی میٹر، دالبندین میں 18، زیارت میں 17، پسنی اور جیوانی میں 16، نوشکی میں 12، گوادر میں 11 جبکہ کوئٹہ کے علاقوں شیخ ماندا اور سمنگلی میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح نوکنڈی، تربت اور چمن میں 8، پشین میں 7، سبی میں 6، ژوب میں 5 اور پنجگور میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ترجمان نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے مطابق بلوچستان میں تمام قومی شاہراہوں پر این ایچ اے کا عملہ اور ٹھیکیدار موجود رہے جبکہ رات گئے تک برف ہٹانے اور نمک پاشی کا کام جاری رہا جس سے شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی بحال رہی۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بلوچستان قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت،مسلم باغ میں ریسکیو آپریشن جاری رہا جبکہ ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل دوبندی سمیت ملحقہ علاقوں کا رابطہ برفباری کے باعث منقطع ہوگیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ریلیف آپریشن شروع کردیا اور برف ہٹانے کے بعد راستوں کو بحال کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کہا ہے کہ عوام شدید برفباری میں احتیاطی تدابیر اپنائیں اور برفباری کے دوران تفریحی سفر سے گریز کریں۔ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی
اضلاع میں شدید سرد رہیگا، تاہم کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی اور لورالائی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برفباری، مختلف اضلاع میں بارشیں ریکارڈ

ٹیگز:
کوئٹہ
