کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری برائے پاپولیشن پرنس آغا عمر جان احمدزئی نے شدید سردی کی لہر کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے فیصلے پر کیسکو انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔پرنس آغاعمرجان احمدزئی نے کہا کہ شدید برفباری اور منفی درجہ حرارت میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیسکو کا ایک احسن اقدام ہے اس فیصلے سے نہ صرف عام شہریوں کو سخت موسم کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے سے بچیں گی۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو الرٹ رکھنے اور تکنیکی خرابیوں کی فوری درستی کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کیسکو ٹیمیں اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گی۔پرنس آغا عمر جان احمدزئی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کیسکو کی ہدایت کے مطابق بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری اختیار کریں تاکہ سسٹم پر اضافی بوجھ نہ پڑے اور اس سہولت سے سب مستفید ہو سکیں۔پرنس آغا عمر جان احمدزئی نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے کے طور پر وہ ہمیشہ عوام کی مشکلات کو اعلیٰ حکام تک پہنچاتے رہیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سردی کے اس کٹھن موسم میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
کیسکو کا شدید سردی کی لہر کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، پرنس آغاعمر جان احمدزئی

ٹیگز:
کیسکو
