اورماڑہ(ڈیلی گرین گوادر)اورماڑہ کے نواحی ساحلی علاقوں بل اور سیکونی کے ماہی گیروں نے سمندر میں ٹرالرز کی موجودگی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکونی اور بل سے تعلق رکھنے والے صالح، شاہ جان، سیٹھ سرور، حاجی اور عادل نور کی قیادت میں ماہی گیروں کی ایک بڑی تعداد نے نیو انجمن ماہی گیران اورماڑہ کے نمائندوں کے ہمراہ فشریز آفس اور میونسپل کمیٹی کا رخ کیا تاہم گرینڈ الائنس کی جانب سے جاری ہڑتال اور دفاتر کی تالا بندی کے باعث ماہی گیروں نے دفاتر کے باہر ہی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ ساحلی پٹی پر ٹرالرز کی سرگرمیوں کے باعث مقامی ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سیکونی سے تعلق رکھنے والے نوجوان عادل نور نے بتایا کہ ان سرگرمیوں کی وجہ سے مچھلیوں کی مقدار میں کمی واقع ہو رہی ہے ساتھ ساتھ رات کے وقت مقامی ماہی گیروں کی چھوٹی کشتیوں جنہیں مقامی زبان میں سپوٹ کہا جاتا ہے کے جالوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران حق دو تحریک کے مرکزی رہنما کامریڈ عمر جان بلوچ نے بھی ماہی گیروں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساحلی علاقوں میں ٹرالرز کی موجودگی مقامی معیشت کے لیے چیلنج ہے اور فشریز حکام کو اس حوالے سے مانیٹرنگ کا نظام مزید بہتر بنانا چاہیے۔ کامریڈ عمر جان بلوچ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ کے تبادلے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر ماہی گیر رہنما غلام محمد نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کی موجودگی کے باوجود ایسے واقعات کا رونما ہونا تشویشناک ہے۔ مظاہرین نے فشریز حکام سے مطالبہ کیا کہ بل اور سیکونی کی حدود میں گشت بڑھایا جائے اور ٹرالنگ کی روک تھام کے لیے کوسٹ گارڈز اور پی ایم ایس اے کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ مقامی ماہی گیروں کے معاشی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اورماڑہ کے ساحلی علاقوں بل اور سیکونی میں ٹرالر مافیا کے خلاف ماہی گیروں کا احتجاج، فشریز آفس کے باہر مظاہرہ

ٹیگز:
اورماڑہ
