کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا تقریباً ایک ہزار ارب روپے کا سالانہ بجٹ ایک تلخ حقیقت کی عکاسی کرتا ہے جس میں قریب 80 فیصد نان ڈیولپمنٹ اخراجات میں صرف ہو جاتے ہیں۔ نان ڈیولپمنٹ بجٹ کا بڑا حصہ تقریباً ڈھائی لاکھ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن پر خرچ ہوتا ہے جبکہ صوبے کی 1.3 کروڑ عوام کی فلاح و ترقی کے لیے محض 200 ارب روپے دستیاب ہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس غیر متوازن نظام کو درست کرنے کے لیے گزشتہ دو برسوں کے دوران متعدد متروک اور غیر موثر سرکاری دفاتر بند کیے گئے ہیں، جن میں زکوٰ، مذہبی امور اور سول ڈیفنس کے غیر فعال محکمے شامل ہیں اس کے علاوہ آٹھ ہزار غیر ضروری سرکاری آسامیاں ختم کی گئیں اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ سرکاری مشینری میں شفافیت، موثریت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ اصلاحات کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا تاہم دباو احتجاج یا بلیک میلنگ حکومت کو عوام کے حقوق کے تحفظ اور اصلاحات کے تسلسل سے نہیں روک سکتی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اصلاحات کا عمل ہر صورت جاری رہے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت، بہتر حکمرانی اور شفافیت کو اپنی اولین ترجیح کے طور پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ اصلاحاتی اقدامات بلوچستان میں گڈ گورننس، مالی استحکام اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے طویل مدتی نتائج پیدا کریں گے۔
صوبائی حکومت عوام کی خدمت، بہتر حکمرانی اور شفافیت کو اپنی اولین ترجیح کے طور پر جاری رکھے گی، میرسرفراز بگٹی

ٹیگز:
میرسرفراز
