کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) آٹھ فروری کے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 8فروری کے شٹرڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی اور مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں طے کیا گیا بلوچستان کے تمام اضلاع میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل سیاسی پارٹیوں) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان نیشنل پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین (کے مشترکہ اجلاس 18جنوری بروز اتوار منعقد ہوں گے۔اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع میں 8فروری2026 کے پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے فیصلوں کو عملی جامع پہنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی تاکید کی گئی ہے۔ اجلاس میں کوئٹہ سمیت تمام صوبے میں مختلف تنظیموں، ٹرانسپورٹرز، زمینداروں، اساتذہ، وکلاء، ڈاکٹرز، رکشہ یونین، تاجروں اور زندگی کے مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں سے رابطوں کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 17جنوری کو سہہ پہر 3بجے کوئٹہ میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل سیاسی پارٹیوں کی جانب سے پریس کانفرنس کاانعقاد ہوگا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے 8فروری 2024کے جعلی، فراڈ،زراور زور کے بھونڈے انتخابات کے خلاف 8فروری2026کو تاریخ سازشٹر ڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال دراصل بھونڈے جعلی نام نہاد انتخابات اور اس کے مسلط حکومت /حکومتوں کے خاتمے کا ذریعہ ہوگی اور اس طرح ملک کے متقفہ آئین کی بحالی، حقیقی منتخب پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہوری کی حکمرانی،عدلیہ اور میڈیا کی آزادی، غیر منتخب پارلیمنٹ اور اس کے ذریعے مسلط غیر جمہوری حکومتوں کا خاتمہ اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے جاری جدوجہد کو تقویت پہنچے گی۔ بیان میں کہا گیاہے کہ مسلط حکومت اور پارلیمنٹ کی آئینی ترامیم خصوصاً 26ویں 27ویں آئینی ترامیم، انویسٹمنٹ ایکٹ میں SIFCسے ملکی آئین کی خلاف ورزی اور صوبائی خودمختاری کا خاتمہ اور ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی پائمالی کی گئی۔ ایسے میں 8فروری 2026کو پہیہ جام وشٹر ڈاؤن ہڑتال کی کامیابی کے لیے رکن پارٹیوں اور جمہوری سیاسی قوتوں نے کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، حاجی صورت خان کاکڑ، ملک عمر کاکڑ، گل خلجی،پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ، عبدالحئی آغا، سردار زین العابدین خلجی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین چیئرمین واحد بلوچ، غلام نبی مری، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین اور محمد یونس نے شرکت کی۔
انتخابات کے خلاف 8فروری2026کو تاریخ سازشٹر ڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال مسلط حکومت حکومتوں کے خاتمے کا ذریعہ ہوگی،عبدالرحیم زیارت وال

ٹیگز:
عبدالرحیم
