کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بگٹی حکومت نے سرکاری ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ بالخصوص اعلی تعلیمی اداروں سے وابستہ 38 خواتین پروفیسرز اور لیکچررز کی معطلی نہ صرف غیر منصفانہ بلکہ ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اساتذہ کو بغیر شفاف انکوائری اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر معطل کرنا آئین، قانون اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف متاثرہ اساتذہ بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے شدید معاشی اور ذہنی اذیت کا باعث بن رہا ہے۔ حکومت کا یہ رویہ تعلیم دشمنی اور ملازمین کش پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ گرینڈ ملازمین الائنس کے مطالبات مکمل طور پر جائز اور آئینی ہیں، جنہیں فوری طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معطل کی گئی خواتین اساتذہ کو فوری بحال کیا جائے، ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ بصورت دیگر عوام پاکستان پارٹی ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ہر آئینی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرے گی۔
بگٹی حکومت کا سرکاری ملازمین پر ظلم ناقابلِ برداشت ہے، پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
